پاکستان عوامی تحریک کے 27 ویں یوم تاسیس کی تقریب
پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے عوامی تحریک کے 27 ویں یوم تاسیس کے موقع پر کہا ہے کہ وزیراعظم پانامہ لیکس کا جواب دینے کی بجائے بیماری کا بہانہ بنا کر لندن چلے گئے اور انہی فلیٹس میں رہائش پذیر ہیں جو لوٹ مار کی کمائی سے خریدے گئے۔ قوم کے سوالات کا جواب نہ دے کر وزیراعظم مستعفی ہونے کا باعزت آپشن بھی کھورہے ہیں۔ 60 فیصد سے زائد ملکی غریب آبادی کے پاس دو وقت کی روٹی نہیں جبکہ مغل شہنشاہ حکمران لوٹ مار کی کمائی سے دنیا کے مہنگے ترین شہروں میں محلات خرید رہے ہیں۔ قائداعظم کے پاکستان میں ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں اورپانامہ کے چوروں کی اب کوئی جگہ نہیں۔
یوم تاسیس کی تقریب مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوئی صدارت سینئر مرکزی رہنما چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن ڈاکٹر حسن محی الدین نے کی۔ اس موقع پر کیک کاٹا گیا، سربراہ عوامی تحریک کی درازی عمر اور شہدائے ماڈل ٹاؤن کیلئے خصوصی دعا کی گئی اور شہداء کے انصاف کا عزم کیا گیا۔
یوم تاسیس کی تقریب سے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور، سنٹرل کور کمیٹی کے ممبر ڈاکٹر ایس ایم ضمیر، جی ایم ملک، ساجد بھٹی، اشتیاق چودھری ایڈووکیٹ، افنان بابر نے خطاب کیا۔ تقریب میں کینیڈا کے سابق جنرل سیکرٹری منہاج القرآن شیخ محمد طیب اور یونان کے سابق صدر چودھری محمد اسلم، شاہد حسین، طارق شریف، حاجی محمد لطیف نے خصوصی طور پر شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر حسن محی الدین نے کہا کہ عوامی تحریک مزدوروں، مظلوموں، کسانوں، طلبہ اور سوسائٹی کے کمزور طبقات کو ان کے بنیادی آئینی حقوق دلوانے کی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے۔ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ 1973 ء کے آئین پر اتفاق ضرور ہوا مگر آج تک اس کا نفاذ نہیں ہو سکا۔ آئین شہریوں کے جان و مال، تعلیم، صحت، تحفظ کی ضمانت دیتا ہے مگر اس پر آج تک عمل نہیں ہوا۔ ڈاکٹر ایس ایم ضمیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 25 مئی 1989 کے دن موچی گیٹ کے تاریخی مقام پر عوامی تحریک کی بنیاد رکھی گئی۔ ڈاکٹر طاہرالقادری مزدوروں، مظلوموں، مجبوروں، تھرڈ ورڈ اور امت مسلمہ کے لیڈر ہیں۔ عوامی تحریک کے کارکنوں نے ظالم نظام کے خلاف جان و مال کی لازوال قربانیاں دیں۔
یوم تاسیس کی تقریب میں احمد نواز انجم، مشتاق نوناری ایڈووکیٹ، نوراللہ صدیقی، مظہر علوی، سید شہزاد حسین نقوی، قاضی فیض الاسلام، چودھری مظہر حسین دیونہ، سید الطاف حسین شاہ، رانا تجمل، علامہ عثمان سیالوی، سید فرحت حسین شاہ، راجہ زاہد محمود، جواد حامد، سہیل رضا، سعید اختر، حافظ غلام فرید، آصف سلہریا ایڈووکیٹ، عائشہ مبشر، راجہ ندیم سمیت یوتھ ونگ، ایم ایس ایم، علماء ونگ، ویمن لیگ کی رہنماؤں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر حسن محی الدین نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے مساوات، عوامی امنگوں کی ترجمان جمہوریت کے قیام کیلئے آئینی الیکشن کمیشن اور شفاف انتخابات کا ویژن دیااور اس حوالے سے قومی شعور اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ دسمبر 2013 ء کا لانگ مارچ اور 14 اگست 2014 ء کا انقلاب مارچ عوامی تحریک کے عظیم کارکنوں کی جدوجہد کی عظیم مثالیں ہیں۔ یہ سفر جاری ہے اور جاری رہے گا۔
تبصرہ