سیالکوٹ: پاکستان عوامی تحریک کے ڈپٹی چیف آرگنائزر کا ضلع سیالکوٹ کا دورہ
پاکستان عوامی تحریک کے ڈپٹی چیف آرگنائزر شہزاد حسین نقوی نے ضلع سیالکوٹ کا تنظیمی دورہ کیا، جہاں انہوں نے پانامہ لیکس میں سامنے آنے والی حکمرانوں کی مالی بے ضابطگیوں کے خلاف ہونے والی احتجاجی ریلیوں میں شرکت کی اور پاکستان عوامی تحریک کے عہدیداران سے ملاقاتیں کیں۔ دورے کے دوران وہ سیالکوٹ، پسرور، سمبڑیال اور دھدو بسراء گئے۔ مختلف شہروں میں پہنچنے پر کارکنان نے گرمجوشی سے ان کا خیرمقدم کیا۔
مرکزی ڈپٹی چیف آرگنائزر شہزاد حسین نقوی نے پاکستان عوامی تحریک سیالکوٹ کے جنرل سیکرٹری میاں محمد رضا کے ہمراہ کرپشن کے خلاف ہونے والی ریلی کی قیادت کی، جو سیالکوٹ پریس کلب کے سامنے اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی میں پاکستان عوامی تحریک کے تحصیلی و ضلعی کارکنان سمیت عوام کی بڑی تعداد شریک تھی۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے شہزاد نقوی نے کہا کہ کرپٹ حکمرانوں کا ٹولہ پاکستان سے پیسہ کما کر اپنی آنے والی نسلوں کے لئے بیرون ملک لے جاچکا ہے، جبکہ پاکستان میں غریب بچے چوراہوں میں بھیک مانگنے اور گندگی کے ڈھیروں سے رزق تلاش کرنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نصف سے زیادہ آبادی صاف پانی سے محروم ہے، کروڑوں نوجوان بے روزگار ہیں۔ لاہور میں ایک مزدور نے صرف اس لئے اپنی دو بیٹیوں کو ذبح کر دیا کہ اس کے پاس ان کی کفالت کے وسائل نہیں تھے۔ حکمران چُگتے کہیں اور ہیں اور انڈے کسی اور ملک میں دیتے ہیں۔ انہوں نے شرکاء کو بتایا کہ پاکستان عوامی تحریک ملک بھر میں لوٹ مار کے خلاف احتجاج میں مصروف ہے، ڈاکٹر طاہرالقادری غریب عوام اور محنت کشوں کے دلوں میں بستے ہیں۔ وہ محکوم طبقات کی قیادت کر رہے ہیں اور وہ دن دور نہیں جب ان کی قیادت میں محکوم و مظلوم اپنے حقوق حاصل کر کے دم لیں گے۔
شہزاد نقوی نے ضلعی دفتر پاکستان عوامی تحریک سیالکوٹ میں اہم اجلاس کی صدارت کی جس میں تحریک منہاج القرآن سیالکوٹ کے امیر یونس قادری، پاکستان عوامی تحریک سیالکوٹ کے صدر حاجی سرفراز احمد اور دگر عہدیداران شریک تھے۔ اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں درسِ عرفان القرآن اور حلقاتِ درود کو فعال کیا جائے تاکہ کارکنان کی تربیت پر بھرپور توجہ دی جاسکے۔ انہوں نے تمام تنظیمات کے ذمہ داران اور کارکنان قائدِ انقلاب کی تصنیف ’سفر انقلاب‘ کے بغور مطالعہ پر زور دیا۔
شہزاد نقوی نے پسرور کے تنظیمی دورے کے دوران پاکستان عوامی تحریک پسرور کے صدر عدنان شوکت سمیت کارکنان سے ملاقات کی۔ انہوں نے قائدِ تحریک کے استقبال اور 17 جون کو سانحہ ماڈل ٹاؤن پر ہونے والے احتجاج کی تیاریوں کے حوالے سے گفتگو کی۔ سمبڑیال میں شہزاد حسین نقوی نے پاکستان عوامی تحریکت کے صدر ہمایوں میر ایڈووکیٹ اور کارکنان سے ملاقات کی۔ بعدازاں انہوں نے دھدو بسراء میں مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے مقامی راہنماء کے والد کی وفات پر ان سے اظہارِ تعزیت کیا۔ اس موقع پر پی پی 130 کے سرپرست عبدالستار انجم اور دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔ ڈسکہ شہر میں شہزاد حسین نقوی نے پاکستان عوامی تحریک پی پی 130 کے کنوینئر حافظ ظفر اقبال، حافظ غلام مصطفیٰ، خطیب الرحمان اور محإد ادریس سمیت دیگر عہدیداران سے ملاقات کی اور انہیں ڈاکٹر طاہرالقادری کی پاکستان آمد پر ہونے والے استقبال کی تیاریوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے تنظیمات کی کارکردگی کو سراہتے ہوائے انہیں ہدایات جاری کیں کہ تربیتی امور پر توجہ دیں۔
تبصرہ