عوامی تحریک کے وفد کی مجلس وحدت المسلمین کے بھوک ہڑتالی کیمپ میں شرکت
اسلام آباد/ لاہور (18 مئی 2016) پاکستان عوامی تحریک کے وفد نے اسلام آباد میں مجلس وحدت المسلمین کے بھوک ہڑتالی کیمپ کا دورہ کیا اور راجہ نا صر عباس کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ وفد نے عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور کی قیادت میں احتجاجی کیمپ کا دورہ کیا۔ خرم نواز گنڈا پور نے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہاکہ ہم مجلس وحدت المسلمین کے مطالبات کو حقائق پر مبنی سمجھتے ہوئے انکی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ ایک مخصوص کمیونٹی کو ٹارگٹ کرنا ملک میں فرقہ ورانہ فسادات پھیلانے کی سازش ہیں جس کا حکومت نے با ر بار یاد ہانیوں کے باوجود نوٹس نہیں لیا اور مجبوراً راجہ ناصر عباس کو بھوک ہڑتال جیسے انتہائی اقدام کی طرف آنا پڑا۔ انہوں نے کہاکہ کسی بھی ریاست اور حکومت کی اولین ذمہ داری اپنے شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ہے، مگر افسوس کرپشن میں لتھڑے ہوئے حکمرانوں کے نزدیک انسانی جان کی کوئی قدر و قیمت نہیں ہے۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن ہو یا گلشن اقبال پارک کا سانحہ یا ہمارے اہل تشیع بھائیوں کی ٹارگٹ کلنگ ہر جگہ حکومتی نا اہلی کی وجہ سے بے گناہ شہری شہید ہو رہے ہیں۔ خرم نواز گنڈا پور نے کہاکہ راجہ ناصر عباس اور مجلس وحدت المسلمین کا احتجاج سو فی صد جائز، قانونی اور سنجیدہ توجہ کا متقاضی ہے، کسی ایک کمیونٹی کی ٹارگٹ کلنگ پاکستان کی وحدت اور سلامتی کے خلاف ہے، اسے روکا جائے۔ مجلس وحدت المسلمین کے مرکزی سیکرٹری جنرل راجہ ناصر عباس نے اظہار یکجہتی کرنے پر ڈاکٹر طاہر القادری اورعوامی تحریک کے رہنماؤں کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے کہاکہ ظلم کے خلاف تمام طبقات کو مل کر جدوجہد کرنا ہو گی ورنہ بے گناہ شہری ایک ایک کر کے مارے جاتے رہیں گے۔ اس موقع پر قیصر گنڈا پور، ابرار رضا ایڈووکیٹ، فاروق بٹ، قاضی فرخ، احسن قریشی، ریاض بٹ اور دیگر رہنماء بھی موجود تھے۔
تبصرہ