اسلام آباد: یوم صحافت پر آر آئی یو جے کے سیمینار میں ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات عوامی تحریک کی شرکت
عالمی یومِ صحافت پر 03 مئی 2016ء کو پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے زیراہتمام منعقد ہونے والے سمینار میں پاکستان عوامی تحریک کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات عمر ریاض عباسی نے شرکت کی اور اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر پاکستان عوامی تحریک اسلام آباد کے میڈیا کوآرڈینیٹر غلام علی خان بھی ان کے ہمراہ تھے۔
سیمینار میں خیالات کا اظہار کرتے ہوئے عمر ریاض عباسی کا کہنا تھا کہ صحافت پیغمبری پیشہ ہے، حقائق اور سچائی کو عوام تک پہنچانا، کرپشن اور لوٹ مار کرنے والوں کے چہرے بےنقاب کرنا، نڈر اور جرات مند صحافیوں کا کام ہے۔ پاکستان میں صحافی طبقہ ظلم اور بربریت کی بھینٹ چڑھنے کے لئے رہ گیا ہے۔ حکمران اپنے مفادات کے لئے میڈیا کو استعمال کرتے رہے، صحافیوں کے حقوق کسی نے بھی ادا نہیں کیے۔ پچھلے عرصے میں سینکڑوں صحافی بم دھماکوں، خودکش حملوں میں جان کی بازی ہار گئے، سچ کو عوام تک پہنچانے کے صلے میں دھمکیوں اور قاتلانہ حملوں کے لاتعداد کیسز سامنے آئے ہیں۔ عمرریاض عباسی نے صحافیوں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کا 23 دسمبر 2012 کا تاریخی جلسہ، 2013 کا لانگ مارچ اور دھرنا، 17 جون 2014 کے سانحہ ماڈل ٹاؤن کی بربریت، یوم شہداء، انقلاب مارچ اور 70 دن کا دھرنا، سب کو دنیا تک پہنچانے کے لئے میڈیا کا اہم کردار رہا ہے۔
تبصرہ