کوئٹہ: حکمران خاندان کی میگا کرپشن اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کے خلاف پاکستان عوامی تحریک کا احتجاجی مظاہرہ
پانامہ لیکس میں حکمران خاندان کی میگا کرپشن، غیر قانونی آف شور کمپنیز اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کے خلاف 2 مئی 2016 کو پاکستان عوامی تحریک کوئٹہ کے زیراہتمام پریس کلب کے سامنے نہایت منظم اور پرجوش احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس کی قیادت صدر کوئٹہ ڈویژن بختیار احمد رند اور صوبائی آرگنائزر بلوچستان اشرف شاہ قادری نے کی۔ اس مظاہرے میں پاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں کے علاوہ سول سوسائٹی سےتعلق رکھنے والے خواتین و حضرات نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پاکستان عوامی تحریک کے جھنڈے اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر مختلف قسم کی مذمتی عبارات درج تھیں۔
مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے پانامہ لیکس کا حوالہ دیتے ہوئے حکمران خاندان کی منی لانڈرنگ اور میگا کرپشن کی پرزور الفاظ میں مذمت کی اور وزیراعظم سے فوری طور پر مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا۔ مقررین نےدو سال قبل ماڈل ٹاؤن لاہور میں تحریک کے نہتے کارکنوں پر پنجاب پولیس کی وحشیانہ فائرنگ کی بھی مذمت کی جس میں چودہ لوگ شہید ہو گئے تھے جن میں دو خواتین بھی شامل تھیں اور سینکڑوں شدید زخمی ہوئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور اس کے قصہ خواں یہ نہ سمجھیں کہ ہم ظلم و بربریت اور پولیس گردی کی اس اندھی واردات کو بھول گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم شہیدوں کے لہو سے کسی قیمت پر بھی بے وفائی نہیں کر سکتے۔ حکومت اس سانحہ کی براہ راست ذمہ دار ہے اور ہم اپنے شہیدوں کا بدلہ لینے تک اس کا پیچھا کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے عظیم قائد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی قیادت میں ظلم کے خلاف اس جنگ کو حق کی آخری فتح تک جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد دھرنے کے نتیجے میں اس نام نہاد جمہوری خومت کی جڑیں کھوکھلی ہو چکی ہیں، ہم اس گرتی ہوئی دیوار کو آخری دھکا دے کر ہی دم لیں گے خواہ ہمیں اس کی کتنی ہی بڑی قیمت کیوں نہ چکانی پڑے۔
مظاہرے سے اشرف شاہ قادری صوبائی آرگنائزر بلوچستان، بختیار احمد رند ڈویژنل صدر کوئٹہ ڈویژن، محمد اسماعیل نورزئی ضلعی صدر پاکستان عوامی تحریک کوئٹہ، پیر حبیب اللہ چشتی صوبائی امیر تحریک منہاج القرآن، اورنگزیب چودھری، عطاءاللہ بلوچ کوآرڈینیٹر یوتھ نگ، زین نجیب اللہ بلوچ نمائندہ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ اور دیگر مقررین نے خطاب کیا، خواتین کی نمائندگی محمودہ سلطانہ نے کی۔ پیر حبیب اللہ چشتی نے شرکائے مظاہرہ کو بھرپور شرکت پر خراج تحسین پیش کیا اور اختتامی دعا کی۔
تبصرہ