گجرانوالہ: حکمرانوں کی منی لانڈرنگ اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کے خلاف پاکستان عوامی تحریک کی احتجاجی ریلی
پاکستان عوامی تحریک گجرانوالہ نے پانامہ لیکس کے انکشافات میں سامنے آنے والی حکمران خاندان کی میگا کرپشن، منی لانڈرنگ اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قتل عام کے خلاف 29 اپریل 2016 کو احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا۔ ریلی ٹرسٹ پلازہ سے شروع ہوئی جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتی ہوئی گجرانوالہ پریس کلب کے سامنے اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی کی قیادت پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور کر رہے تھے، جبکہ ریلی میں پاکستان عوامی تحریک گوجرانوالہ کے صدر ملک محمد فاروق، شفاقت علی قادری، شیخ سیف اللہ، منہاج القرآن یوتھ لیگ کے صدر افضل گجر، راشد میر، راجہ جمیل، اسد گوندل، عبدالجبار کاشمیری، شیخ احسان، محمد فیاض حسیب، سید ابرار حسین شاہ، سرفراز حسین نیازی، علامہ یاسین قادری، عبدالرحمن بزمی، قمر شہزاد مہر اور پاکستان عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کے قائدین و کارکنان سمیت سول سوسائٹی کے ارکان کی بڑی تعداد شریک تھی۔
گجرانوالہ پریس کلب کے سامنے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ چور حکمرانوں کی دولت، اولاد، کاروبار اور ان کی روحیں بیرونِ ملک آباد ہیں، جبکہ ان کے جسم اور حوس پرست ذہن پاکستانی عوام پر حکمرانی کر رہے ہیں۔ یہ عوام کے ووٹوں سے نہیں بلکہ دھن، دھونس، دھاندلی اور غنڈوں کے کندھوں پر بیٹھ کر اقتدار میں آتے ہیں۔ سیاسی جماعتیں نے اپنی ضرورت کے تحت چھوٹوؤں اور موٹوؤں کو ٹکٹ دیتی ہیں جو سینیٹر اور ارکان اسمبلی کی شکل میں ایوانوں میں موجود ہیں۔ ان چھوٹوؤں اور موٹوؤں کے خلاف بھی آپریشن ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو 68 سے جمہوریت اور احتساب کے نام پر دھوکہ دیا جا رہا ہے۔ ایک ہی ٹولہ چہرے اور جھنڈے بدل بدل کر مختلف پارٹیوں میں شامل ہو کر اقتدار پر قابض ہے۔ عوام اب مزید کسی دھوکے میں نہیں آئیں گے۔ اس ملک کو نواز شریف کی نہیں درود شریف کی ضرورت ہے۔ ان شاءاللہ عنقریب سانحہ ماڈل ٹاؤن کا قصاص ان ظالموں سے لیا جائے گا۔
رپورٹ: رفعت اشفاق چوھان
تبصرہ