اسلام آباد: حکمران خاندان کی منی لانڈرنگ اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کے خلاف پاکستان عوامی تحریک کا احتجاجی مظاہرہ
پاکستان عوامی تحریک کے زیراہتمام پانامہ لیکس میں حکمران خاندان کی کرپشن، منی لانڈرنگ اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کے خلاف آبپارہ چوک میں احتجاجی مظاہرہ اور علامتی دھرنا دیا گیا، مظاہرے کی قیادت سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک جنرل خرم نواز گنڈاپور اور عمر ریاض عباسی نے کی، مظاہرے میں عوامی تحریک، عوامی تحریک یوتھ ونگ، ویمن لیگ، ایم ایس ایم کے کارکنان اور سول سوسائٹی کے مرد و خواتین نے بھرپور شرکت کی۔ مظاہرین نے حکمران خاندان کی کرپشن کے خلاف نعرہ بازی کی اور حکمرانوں کے استعفے کا مطالبہ کیا۔
پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی خزانہ لوٹ کر بیرون ملک اثاثے بنانے والوں کا کڑا احتساب ہونا چاہیے۔ کرپشن کے خلاف بلا امتیاز احتساب پر قوم متفق ہے، کرپٹ حکمرانوں نے ڈیمو کریسی کو ڈاکو کریسی میں بدل دیا ہے، پانامہ لیکس کے انکشافات میں ن لیگ کو مجرم لیگ بنا دیا ہے، ICIJ کے ڈائریکٹر کے مطابق وزیراعظم کا خاندان منی لانڈرنگ کا مجرم ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن مکاؤ کو یک نکاتی ایجنڈے پر متفق ہو کر خوشحالی کی جدوجہد کا آغاز کرنا ہو گا، غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ، اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں اضافے نے غریب کی زندگی اجیرن کر دی ہے، ہوشرباء مہنگائی نے قوم سے جینے کا حق چھین لیا ہے، عوامی مسائل کے ذمہ دار نا اہل اور کرپٹ حکمران ہیں، موجودہ کرپٹ حکمران مخدوش اور بوسیدہ عمارت کی طرح ہیں جس سے ملک و قو م کو شدید ترین خطرہ ہے، اسے مسمار کر کے تعمیر نو کی ضرورت ہے۔
احتجاجی مظاہرہ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان عوامی تحریک کے رہنما عمر ریاض عباسی نے کہا کہ ظالم اور جابر حکمرانوں نے ہمیشہ غریبوں کو دھوکہ دیا، لیکن اب ظلم کی تاریک رات ختم ہونے والی ہے۔ انہوں نے کہا ایک انسان کا قتل پوری انسانیت کا قتل ہے، ماڈل ٹاؤن میں انسانیت ایک مرتبہ نہیں 22 مرتبہ قتل ہوئی ہے، لیکن ابھی تک انصاف نہیں ملا۔ انہوں نے کہا جب تک شہداء ماڈل ٹاؤن کے اصل قاتل گرفتار نہیں ہوتے یہ کیس بھی ختم نہیں ہو گا، ہمارے ملزمان وہ حکمران ہیں جو سانحہ ماڈل ٹاؤن پر بننے والے جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ دبا کر بیٹھے ہیں، موجودہ حکمران انسانیت اورانسانی حقوق کیلئے سب سے بڑا خطرہ ہیں۔ انہوں نے کہا حکمران پانامہ لیکس سکینڈل سے بچ کر نہیں نکل سکیں گے، پانامہ لیکس کوئی مذاق نہیں، د نیا بھر میں پاکستان کی جگ ہسائی ہوئی، پانامہ لیکس نے حکمرانوں کی کرپشن ثابت کر دی ہے، حکمران فوری مستعفی ہوں۔
اس موقع پر ابرار رضا ایڈووکیٹ، فاروق بٹ، غلام علی خان، مصطفی خان، رائے ساجد، نعمان کریم، سلیم عالم، روبینہ سہیل، عاصمہ عمر، عرفان یوسف کے علاوہ کارکنان اور اسلام آباد کے شہری بڑی تعداد میں موجود تھے، اس موقع پر مظاہرین ’’گو نوازگو‘‘ کرپٹ حکمران نامنظور، نوازشریف استعفی دو کے فلک شگاف نعرے لگاتے رہے، مظاہرین نے ہاتھوں میں کتبے بھی اٹھا رکھے تھے، جن پر گو نوازگو، کرپٹ حکمران نامنظور کے نعرے درج تھے۔
تبصرہ