میانوالی: حکمرانوں کی منی لانڈرنگ اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کے خلاف پاکستان عوامی تحریک احتجاج
حکمران خاندان کی میگا کرپشن، منی لانڈرنگ، ٹیکس چور، اثاثے چھپانے اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کے خلاف پاکستان عوامی تحریک میانوالی کے زیراہتمام 29 اپریل 2016 کو احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت پاکستان عوامی تحریک میانوالی کے راہنماء کر رہے تھے۔ احتجاجی ریلی میں پاکستان عوامی تحریک، تحریک منہاج القرآن کے ذمہ داران و کارکنان سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شریک تھے۔ احتجاجی مظاہرے کے شرکاء گو نواز گو، نواز شریف استعفیٰ دو، کرپٹ حکمران نامنظور اور ظالمو جواب دو خون کا حساب دو کے نعرے لگا رہے تھے۔
احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان عوامی تحریک کے راہنماؤں کا کہنا تھا کہ حکمران خاندان اسی (80) کی دہائی سے کرپشن اور لوٹ مار کر رہا ہے اور ابھی تک اسے چھوڑنے پر تیار نہیں۔ کالے دھن کو سفید کرنے اور کلین چٹ لینے کے لیے عوام کو کمیشن کا لالی پاپ دیا جارہا ہے۔ پانامہ لیکس کے انکشافات میں نوازشریف اور ان کے خاندان کی کرپشن بےنقاب ہوچکی، وہ فوری مستعفی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس کے معاملے پر اصل سوال یہ ہے کہ اربوں ڈالر کہاں سے آئے؟ اور باہر کیسے گئے؟ وزیراعظم ان سوالوں کا جواب دینے کی بجائے سرکاری ٹی وی پر آکر کہانیاں سناتے ہیں۔ کرپشن کے خلاف، کڑے اور بےرحم احتساب کی سب سے بلند آواز پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری نے اٹھائی ہے۔ پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان اپنے قائد کے سنگ موجودہ ظالم نظام اور کرپٹ حکمرانی کے خاتمے تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔
تبصرہ