حافظ آباد: پاکستان عوامی تحریک کا حکمرانوں کی منی لانڈرنگ اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کے خلاف احتجاجی مظاہرہ
پاکستان عوامی تحریک حافظ آباد کے زیراہتمام حکمران خاندان کی میگا کرپشن، منی لانڈرنگ اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قتل عام کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاجی مظاہرے کی قیادت پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری کوآرڈینیشن ساجد محمود بھٹی نے کی، جبکہ مظاہرے میں پاکستان عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کے کارکنان سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شریک تھے۔ احتجاجی مظاہرے کے شرکاء گو نواز گو، نواز شریف استعفیٰ دو، کرپٹ حکمران نامنظور کے نعرے لگا رہے تھے۔
ساجد محمود بھٹی نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ نواز شریف فوری طور پر مستعفی ہو کر اپنے آپ کو تحقیقات کیلئے پیش کریں کیونکہ ان کے وزیراعظم کے منصب پر رہتے ہوئے پاکستان میں کسی بھی قسم کی شفاف تحقیقات ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس نے حکمران خاندان کو بےنقاب کردیا ہے۔ معصوم صورت وزیراعظم اور انکے خاندان کی کرپشن اور منی لانڈرنگ بدترین معاشی دہشت گردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میگا کرپشن، منی لانڈرنگ اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قتل عام کے بعد وزیر اعظم اقتدار میں رہنے کا اخلاقی جواز کھو چکے ہیں، اس لیے پاکستان عوامی تحریک وزیراعظم کے استعفیٰ تک ’نواز شریف استعفی دو‘ تحریک جاری رکھے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ قوم کمیشن کمیشن کے کھیل کو مزید برداشت نہیں کرسکتی۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن پر بننے والے جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ کو ابھی تک شائع نہیں کیا گیا، ماڈل ٹاؤن میں خون کی ہولی کھیلنے والے دہشت گرد حکمران کسی رعایت کے مستحق نہیں۔
تبصرہ