مجلس ختم الصلوٰۃ علی النبی (ص) - ستمبر 2008ء
تحریک منہاج القرآن کے گوشہ درود کی ماہانہ مجلس ختم الصلوٰۃ علی النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا پروگرام مورخہ 5 ستمبر 2008ء کو منعقد ہوا۔ ماہ ستمبر کے اس روحانی اجتماع کو رمضان المبارک کی وجہ سے جمعرات کی بجائے جمعۃ المبارک کے دن منعقد کیا گیا۔ تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے اس پروگرام کی صدارت کی، وہ دو روز قبل دورہ پورپ سے وطن واپس آئے تھے۔ نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض، امیر گوشہ درود الحاج محمد سلیم شیخ، ناظم اجتماعات ساجد محمود بھٹی، راجہ زاہد محمود، گوشہ درود کے خادم حاجی ریاض احمد، ناظم تنظیمات احمد نواز انجم اور تحریک منہاج القرآن کے دیگر مرکزی قائدین بھی معزز مہمانوں میں شامل تھے۔
جامع مسجد منہاج القرآن ماڈل ٹاون میں ہونے والے پروگرام کا باقاعدہ آغاز نماز جمعہ کے بعد سہ پہر تین بجے تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کے بعد نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پڑھی گئی۔ نعت خوانی کے سلسلہ میں کالج آف شریعہ کے حیدری برادران، شہزاد براداران نے بھی اپنے مخصوص انداز میں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں مدح سرائی کا شرف حاصل کیا۔ نظامت امور خارجہ کے شکیل احمد طاہر، بلالی برادران اور دیگر نعت خواں حضرات نے بھی اس پروگرام میں ثناء خوانی کی۔ نعت خوانی کے دوران حاضرین نے جھوم جھوم کر اپنے جذبات کا اظہار کیا۔
پروگرام میں ماہ اگست میں پڑھے جانے والے گوشہ درود کی تعداد بتائی گئی جس کے مطابق ماہ اگست میں 17 کروڑ سے زائد درود پاک پڑھا گیا جبکہ گوشہ درود کے مجموعی درود پاک کی تعداد پانچ ارب سے بھی تجاوز کر گئی۔
ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے پروگرام کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ اس نے ہمیں اپنی زندگی میں رمضان المبارک کا مقدس اور مبارک مہینہ نصیب فرمایا۔ اس مقدس، رحمتوں اور سعادتوں بھرے ماہ میں ہمیں زیادہ سے زیادہ فیوض و برکات سمیٹنے چاہییں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے لئے اس ماہ رمضان المبارک میں مجلس ختم الصلوٰۃ علی النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا پروگرام ایک بہت بڑی سعادت ہے۔ اس اجتماع کے ذریعے ہم امت مسلمہ کو وہ پیغام دے رہے ہیں کہ آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعریف و تصریف اور آپ پر درود و سلام کا نذرانہ رہتی دنیا تک پیش کیا جائے گا۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی ہدایت پر تحریک منہاج القرآن نے گوشہ درود قائم کر کے دنیا کو پیغام دیا ہے کہ آقا علیہ السلام پر درود و سلام کا کام وہ کام ہے جسے کوئی روک نہیں سکتا۔
انہوں نے کہا آج کے پرفتن دور میں جب دنیا مادی فتنوں، مال و دولت اور دیگر دنیاوی کاموں میں مصروف ہے تو منہاج القرآن نے امت کو وحدت کا عالمی پیغام دیا ہے۔ گوشہ درود اور تحریک کا پیغام اس کا عملی ثبوت ہے۔ آج ہمیں درود پاک کے اس پیغام کو دنیا بھر میں عام کرنا ہے۔ پروگرام کے آخر میں سلام بھی پیش کیا گیا جس کے بعد اختتامی دعا میں ملکی ترقی و سلامتی کی خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔ کالج آف شریعہ کے محمد وقاص قادری نے پروگرام میں کمپئرنگ کے فرائض انجام دیئے۔
تبصرہ