فیصل آباد: حکمرانوں کی منی لانڈرنگ اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کے خلاف عوامی تحریک کا مظاہرہ
پاکستان عوامی تحریک کے زیراہتمام مورخہ 25 اپریل 2016ء کو پانامہ لیکس میں حکمران خاندان کی میگا کرپشن، منی لانڈرنگ اورسانحہ ماڈل ٹاؤن کے خلاف ضلع کونسل چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاجی مظاہرے میں شریک مردوخواتین نے گو نواز گو، نواز شریف استعفیٰ دو، کرپٹ حکمران نامنظور کے نعرے بھی لگائے۔ مظاہرے کی قیادت پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی چیف آرگنائزرمیجر (ر) محمد سعیدنے کی جبکہ میاں کاشف محمود، رانارب نوازانجم، رانا طاہر سیلم، میاں عبدالقادر، میاں ریحان مقبول، سید شاہد علی، عزیزالحسن اعوان، مزمل علی جٹ، رانا نثارشہزاد، میاں ظہور، محمد شہزاد، آصف عزیز، محمد فاروق طور ودیگرنے بھی شرکت کی۔
احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی چیف آرگنائزرمیجر (ر) محمد سعید نے کہا کہ پانامہ لیکس نے حکمران خاندان کو بے نقاب کردیا ہے۔ پانامہ لیکس کوئی مذاق نہیں بلکہ بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حقیقت ہے جسے جھٹلایا نہیں جاسکتا، لہذا وزیراعظم اقتدار میں رہنے کا اخلاقی جواز کھو چکے ہیں۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ وزیراعظم فوری طور پر مستعفی ہوکر اپنے آپ کو تحقیقات کیلئے پیش کریں کیونکہ وزیراعظم کے اپنے منصب پر رہتے ہوئے پاکستان میں کسی بھی قسم کی شفاف تحقیقات ممکن نہیں۔ عوام پانامہ لیکس کی شفاف اور مقررہ مدت کے اندر جوڈیشل انکوائری چاہتی ہے، موجودہ حکمران جے آئی ٹیز اور کمیشن بنانے کے ماہر ہیں، یہ کلین چٹ حاصل کرنے کیلئے انکوائریاں کرواتے ہیں۔ پاکستان عوامی تحریک آج سے ’’وزیراعظم استعفیٰ دو‘‘ تحریک شروع کررہی ہے جو وزیراعظم کے استعفیٰ تک جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں حکمرانوں نے بے گناہوں کا قتل عام کیا، دینی اور آئینی ذمہ داری کے ساتھ قاتلوں سے نفرت کرتے رہیں گے۔ کرپٹ حکمران اللہ کی پکڑ میں ہیں، بدیانت اور نااہل حکمرانوں کو اب جانا ہی ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ حکمرانوں کی باتوں میں تضاد ہے، ثابت کریں کہ وہ کرپٹ نہیں۔ اخلاقی اور آئینی طور پر حکمران پاکستانی عوام پر حکومت کرنے کا حق کھو چکے ہیں، سانحہ ماڈل ٹاؤن جسٹس باقر نجفی کی رپورٹ کیوں منظر عام پر نہیں لائی گئی؟ ظالم حکمران اپنے خلاف آنے والی ہر رپورٹ چھپا جاتے ہیں۔
تبصرہ