لودہراں: حکمرانوں کی منی لانڈرنگ اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کے خلاف عوامی تحریک کا پریس کلب پر احتجاج
پاکستان عوامی تحریک نے پانامہ لیکس کے انکشافات میں سامنے آنے والی حکمران خاندان کی منی لانڈرنگ اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کے خلاف لودھراں پریس کلب کے باہر احتجاج کیا۔ احتجاج میں پاکستان عوامی تحریک کے عہدیداران اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شریک تھے۔
احتجاج کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان عوامی تحریک لودہراں کے صدر مہر شعبان نے کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا ملک سے کرپشن کے خاتمے کا پہلا قدم خوش آئند ہے۔ جب تک ملک سے معاشی دہشت گردی کا خاتمہ نہیں ہوتا اس وقت تک عسکری دہشت گردی کا خاتمہ بھی ممکن نہیں ہے۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ آرمی چیف معاشی دہشت گردی کے خلاف بھی ایک ضرب عضب شروع کریں جس کا آغاز پانامہ لیکس رپورٹ سے کیا جائے۔
اس موقع پر چوہدری عبد الغفار سنبل نے کہا ہے کہ اس ملک میں ہر سطح پر بلا امتیاز احتساب کے زریعے ہی معاشرے میں تبدیلی کی بنیاد رکھی جاسکتی ہے۔ پاک فوج کی دہشت گردی کے خلاف قربانیاں اپنی مثال آپ ہیں جس پر پوری قوم اپنی بہادر افوج کو خراج تحسین پیش کرتی ہیں، مگر معاشی دہشت گردی کے خلاف آپریشن بھی وقت کی ضرورت ہے۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ پانامہ لیکس کا ٹرائل بھی ملٹری کورٹس کے ذریعے کیا جائے۔ ملک اسلم حماد نے کہا ہے کہ کرپٹ حکمران اپنی مرضی کے ججوں پر مشتمل کمیشن قائم کر کے کلین چٹ حاصل کرلیں گے۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن ریاستی دہشت گردی کی ایک مثال ہے جسے کبھی بھلایا نہیں جا سکتا۔ سانحہ ماڈل ٹائون کا کیس بھی فوجی عدالت میں چلایا جائے۔
اظہر حسین لنگاہ ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ چھوٹو گینگ کے خلاف پاک آرمی کی کامیابی پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ چیف آف آرمی بہت جلد ملک سے کرپٹ اور ظالم حکمرانوں کا احتساب کریں گے۔
رپورٹ: مرزا اسلم مصطفوی (ناظم نشر اشاعت پاکستان عوامی تحریک لودہراں)
تبصرہ