لاڑکانہ: پاکستان عوامی تحریک کی گو نواز گو ریلی
پاکستان عوامی تحریک لاڑکانہ نے پانامہ لیکس کے تناظر میں شریف فیملی کی ٹیکس چوری، منی لانڈرنگ اور کرپشن کے خلاف ’گو نواز گو‘ ریلی کا اہتمام کیا۔ ریلی کی قیادت پاکستان عوامی تحریک لاڑکانہ کے ضلعی صدر امیر احمد قادری کر رہے تھے۔ احتجاجی ریلی بندر روڈ سے شروع ہوئی جو پاکستان چوک اور جناح پارک سے ہوتی ہوئی لاڑکانہ پریس کلب کے سامنے اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی کے شرکاء وزیراعظم سے استعفیٰ اور لوٹی ہوئی رقم واپس لانے کا مطالبہ کر رہے تھے۔
امیر احمد قادری نے پریس کلب کے باہر احتجاجی ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قوم پانامہ لیکس کے بعد وزیراعظم سے استعفیٰ کا مطالبہ کر رہی ہے اور نام نہاد وزیراعظم سرکاری ٹی وی پر بیٹھ کر اپنے خاندان کا دفاع کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قوم جانتی ہے کہ شریف فیملی نے قومی دولت کے اربوں روپے چرائے ہیں۔ پاکستان عوامی تحریک کا مطالبہ ہے کہ نواز شریف فوری طور پر استعفیٰ دے کر خود کو کمیشن کے حوالے کریں۔ اثاثے چھپانے اور دھوکہ دینے والا وزیراعظم پوری دنیا میں پاکستان کے لیے باعثِ شرمندگی ہے۔
تبصرہ