ملتان: پاکستان عوامی تحریک جنوبی پنجاب کا اجلاس
مورخہ 10 اپریل پاکستان عوامی تحریک جنوبی پنجاب کے تمام ضلعی صدور کا اجلاس صوبائی صدر چوہدری فیاض وڑائچ کی صدارت میں صوبائی سیکرٹریٹ گلشن مارکیٹ نیو ملتان میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ضلعی صدور کے علاوہ پاکستان عوامی تحریک جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل بیرسٹر سردار سیف اللہ سدوزئی، آرگنائزر چوہدری قمر عباس دھول، صوبائی آرگنائزر وکلاء ونگ نشاط احمد باجوہ ایڈووکیٹ، ایڈیشنل سیکرٹری جنرل اللہ رکھا سیاف ایڈووکیٹ اور میڈیا کوآرڈینٹر راؤ محمد عارف رضوی نے شرکت کی۔ اجلاس میں پانامہ لیکس رپورٹ کے بعد ملکی سیاسی صورتحال پر غور کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی صدر چوہدری فیاض احمد وڑائچ نے کہا کہ پانامہ لیکس کسی سیاسی جماعت کی جانب سے جاری کی گئی رپورٹ نہیں ہے بلکہ بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حقیقت ہے جس سے نظریں نہیں چرائی جاسکتیں۔ اس رپورٹ میں پاکستانی حکمران خاندان کا نام آنے سے پوری دنیا میں پاکستان کی جگ ہنسائی ہوئی ہے لہذا وزیر اعظم فوری طور پر مستعفی ہوکر اپنے آپ کو غیر جانبدار اداروں کے سامنے تحقیقات کیلئے پیش کریں۔ نواز شریف کے برسراقتدار رہتے ہوئے کوئی بھی ادارہ شفاف تحقیقات نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہا کہ کرپٹ حکمرانوں کے خلاف پوری قوم کو سڑکوں پر آنا ہوگا۔ پاکستان عوامی تحریک جنوبی پنجاب میں 15 اپریل کو یوم احتجاج کے طور پر منائے گی اور ضلعی سطح پر پریس کلب کے سامنے مظاہرے کئے جائیں گے۔
صوبائی سیکرٹری جنرل بیرسٹر سیف اللہ سدوزئی نے کہا کہ کسانوں کا مسلسل استحصال کیا جارہا ہے، باردانے کے نام پر کسانوں کو ذلیل کیا جارہا ہے، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ کسانوں سے گندم کا ایک ایک دانہ خرید کیا جائے اور گندم کی قیمت میں اضافہ کیا جائے تاکہ کسانوں کو ان کی محنت کا صحیح معاوضہ مل سکے۔ چوہدری قمر عباس دھول نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں بارشوں سے متاثرہ علاقوں کو آفت زدہ قرار دے کر متاثرہ افراد کی امداد کی جائے۔ اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان عوامی تحریک جنوبی پنجاب کے مسائل کے حل کیلئے اپنا بھر پور سیاسی کردار ادا کرے گی۔ اجلاس میں بہاولنگر سے پرویز اقبال کاہلوں، ڈی جی خان سے ملک اختر ملانہ، وہاڑی سے چوہدری اقبال یوسف اور سید اقبال شاہ، رحیم یار خان سے چوہدری عبدالمجید گجر اور جام صغیر احمد، لودھراں سے مہر شعبان ورک، مظفر گڑھ سے افتخار قریشی ایڈووکیٹ، خانیوال سے ملک بشیر اعوان ایڈووکیٹ اور نذر حسین نوناری ایڈووکیٹ، بہاولپور سے سہیل کامران ایڈووکیٹ اور دیگر نے شرکت کی۔
تبصرہ