اسلام آباد: پاکستان عوامی تحریک جموں کشمیر کی الیکشن کمیٹی کا اجلاس
جموں کشمیر عوامی تحریک ویلی 4 کے رہنما غلام علی خان نے کہا ہے کہ وفاقی حکومتی نمائندے، وزیر اور مشیر کشمیر میں ہونے والے انتخابات پر اثر انداز ہونے سے باز رہیں۔ انہوں نے خبردرار کرتے ہوئے کہا کہ جموں کشمیر عوامی تحریک حکمرانوں کے غیر جمہوری، غیرآئینی اور غیر قانونی اقدامات کی سخت مذمت کرتے ہوئے ہر غیر آئینی اقدامات میں رکاوٹ بنے گی۔ وہ گزشتہ روز اسلام آباد میڈیا سیل میں انتخابات کے سلسلے میں بنائی گئی الیکشن کمیٹی کے اجلاس میں گفتگو کررہے تھے۔ اس موقع پرسردار نجم الثاقب، سردار افتخار فاروقی، سردار اعجازسدوزئی، سردار ساقب عباسی، شکیل عباسی، ملک شبیر، حاجی غفور اور دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ پلاٹ اور بنیادی حقوق ہر کشمیری کا حق ہے، مگر عین الیکشن کے موقع پر پلاٹوں کی تقسیم کا جھانسہ دینا پری پول رگنگ اور دھاندلی کا آغاز ہے، جس کا فائدہ براہ راست حکومتی نمائندوں کو پہنچے گا۔ ممبران اسمبلی کے ذریعے پلاٹوں کی تقسیم روکی جائے اور الیکشن کے بعد ہر ضرورت مند کو پلاٹ اور بنیادی حقوق ملنے چاہئیں۔ انہوں نے الیکشن کمیشن کو نوٹس لینے اور اس غیر قانونی اور غیر آئینی عمل کے خلاف فوری کاروائی کرنے کامطالبہ بھی کیا۔ انہوں نے بتایا کہ جموں کشمیر عوامی تحریک نے الیکشن کمیٹی تشکیل دے دی ہے، جس نے اپنے کام کا آغاز کر دیا ہے، انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں سے رابطے جاری ہیں۔
تبصرہ