ملتان: پٹواریوں کے ذریعے حکومت کرنے والوں نے کسانوں کو پٹواریوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے: راؤ عارف رضوی
پاکستان عوامی تحریک جنوبی پنجاب کے میڈیا کوآرڈینیٹر راؤ محمد عارف رضوی نے کہا ہے کہ پٹواریوں کے ذریعے حکومت کرنے والے حکمرانوں نے کسانوں کو باردانے کی تقسیم کے نام پٹواریوں کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا گیا۔ پاکستانی معیشت میں ذراعت ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، مگر حکمران کسانوں کو ریلیف مہیا کرنے کی بجائے ان کے لئے مسلسل پریشانیاں پیدا کررہے ہیں۔ یہ بات انہوں نے میڈیا آفس میں پاکستان عوامی تحریک ضلع وہاڑی کے صدر چوہدری اقبال یوسف کی قیادت میں آئے ہوئے وفد سے ملاقات کے دوران کی۔ وفد میں رانا محمد افضل اور چوہدری محمد اقبال شامل تھے۔
محمد عارف رضوی نے کہا کہ پاکستان کا کسان دن رات اپنا خون پسینے ایک کرکے فصل تیار کرتا ہے مگر جب فصل پک کر تیار ہوجاتی ہے تو اسے پٹواریوں سے باردانے کے نام پر اجازت نامہ حاصل کرنے کیلئے لائنوں میں لگنا پڑا ہے اور رشوت دینی پڑتی ہے یعنی اپنی محنت سے تیار کی گئی فصل کو اپنی مرضی سے فروخت کرنا بھی جرم بنادیا گیا ہے اور جاگیردار اپنی طاقت کے زور پر اپنی مرضی سے اپنی فصل فروخت کرتے ہیں۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ کسانوں کو پٹواریوں کے چنگل سے آزاد کرایا جائے اور کسانوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے تاکہ اس ملک کیلئے مشقت کرنے والے کسان اپنی مرضی سے خوشحال زندگی گزارنے کے قابل ہوسکیں۔
تبصرہ