مسلم کانفرنس کے سربراہ سردار عتیق کی ڈاکٹر حسین محی الدین سے ملاقات
لاہور (2 مارچ 2016) مسلم کانفرنس کے صدر سردار عتیق خان نے پاکستان عوامی تحریک کے سینئر رہنما منہاج القرآن کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین سے ملاقات کی، ڈاکٹر حسین محی الدین نے سابق وزیراعظم سردار عتیق خان کو سانحہ ماڈل ٹائون پر ہونے والی اے پی سی میں شرکت کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کر لی۔ دونوں جماعتوں کے رہنمائوں نے آزاد کشمیر الیکشن کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ ہم خیال جماعتیں مل کر دھاندلی کا راستہ روکیں گی۔ ۔ ملاقات میں سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور، مسلم کانفرنس لاہور کے صدر حاجی محمد اقبال، سیکرٹری کوآرڈینیشن ساجد بھٹی و دیگر موجود تھے۔ ڈاکٹر حسین محی الدین نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹائون انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا ایک سنگین اور ناقابل معافی واقعہ ہے، انہوں نے کہا کہ پہلے حکومت، پولیس اور اسکی ملازم جے آئی ٹی نے ملکی قوانین کو پامال اور انصاف کا خون کیا اب آئین کے آرٹیکل 10A کے مطابق فیئر ٹرائل نہیں ہورہا۔
سردار عتیق نے کہا کہ ماڈل ٹائون میں 17 جون کے دن ظلم ہوا، ظلم کرنے والوں کو سزا ملنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی کوئی کشمیر پالیسی نہیں ہے، گلگت بلتستان تاریخی اور جغرافیائی اعتبار سے کشمیر کا حصہ ہے اور کشمیر کسی کی جاگیر نہیں ہے کہ اسے تقسیم کر دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے صدر مشرف کے ساتھ بھی کام کیا ان میں لیڈر شپ کوالیٹیز تھیں، موجودہ حکمرانوں کو کوئی بات سمجھانا جان جوکھوں کا کام ہے۔
ملاقات کے بعد مرکزی سیکرٹری خرم نوازگنڈاپور نے اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مارچ کے آخری ہفتے میں سانحہ ماڈل ٹائون پر لاہور میں اے پی سی بلارہے ہیں، اس حوالے سے تحریک انصاف کے رہنمائوں، جہانگیر ترین، علیم خان، پیپلز پارٹی کے رہنمائوں میاں منظور احمد وٹو، کراچی میں ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار، سابق صدر جنرل پرویز مشرف، فنکشنل لیگ کے رہنما جام مدد علی، پیپلز پارٹی کے رہنما مخدوم جمیل الزماں، سید غوث علی شاہ اور مجلس وحدت المسلمین، سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا سے اے پی سی پر بات ہوئی اور انہیں شرکت کی دعوت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیگر سیاسی جماعتوں کو بھی اے پی سی میں شرکت کی دعوت دے رہے ہیں، انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کا مزید مسلط رہنا ملک اور قوم کیلئے نقصان دہ ہے۔ سانحہ ماڈل ٹائون کے ان قاتل حکمرانوں سے جان چھڑانے کا وقت آگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اے پی سی میں آئندہ کا لائحہ عمل دینگے۔
تبصرہ