محبتِ رسول کامیابی کی ضامن ہے: شہزاد حسین نقوی
نوشہرہ: آقائے دوجہاں صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت اور آپ کی سیرت کی پیروی دنیا و آخرت کی کامیابی کی ضامن ہے۔ آپ صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کی دعوت کو دل و جان سے قبول کرنے والے اس قدر پاکیزہ اور مقدس ہوئے کہ انبیاء کرام کے بعد روئے زمین پر ان سے بڑھ کر قدر و منزلت والا کوئی نہ ہوا۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی ڈپٹی چیف آرگنائزر شہزاد حسین نقوی نے پیر سباق شریف میں عید میلادالنبی صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مناسنت سے پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان کی منعقدہ تقریب میں کیا۔ تقریب میں پاکستان عوامی تحریک نوشہرہ کے کنوینئر صاحبزادہ منیب احمد سمیت تحریک منہاج القرآن اور منہاج یوتھ لیگ کے عہدیداران اور کارکنان شریک تھے۔
شہزاد نقوی نے کہا کہ پروردگارِ عالم کا شکر ہے کہ اس نے ہمیں خاتم النبین حضرت محمد مصطفی صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کی امت میں پیدا کیا۔ ہمارے سینوں کو محبتِ رسول صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کیلئے چنا، ہماری زبانوں کو آپ صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعریف و توصیف کی توفیق بخشی، ہمارے کانوں کو آپ صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مدح و ثناء سننے کا شوق عطا کیا، ہمارے افہام کو خیالِ مصطفی صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم اور ہمارے اقلام کو پیغامِ مصطفی صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کا وظیفہ عطا کیا۔ اس کائنات کے خالق و مالک معبودِ برحق نے ازل ہی سے سید المرسلین حضرت محمد مصطفی صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کو اپنی محبوبیت کے لئے منتخب فرمایا۔ اس کی طرف سے فرشتوں کے سامنے ہمیشہ سے آپ صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ثناء کا سلسلہ جاری ہے۔اس خدائے لم یزل نے آپ صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رفعتِ ذکر کا جھنڈا ہمیشہ کیلئے یوں گاڑدیا ہے جسے کوئی اکھاڑ نہیں سکتا۔
تبصرہ