ڈنمارک: پاکستان عوامی تحریک کے نومنتخب عہدیداران کا عشائیہ
کوپن ہیگن: پاکستان عوامی تحریک کے پیٹرن انچیف ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے حالیہ دورہ ڈنمارک کے دوران پاکستان عوامی تحریک ڈنمارک کی تنظیمِ نو کی گئی۔ نو منتخب عہدیداران نے کوپن ہیگن میں قائم منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک کے ہیڈ کوارٹر پر کارکنان کے اعزاز میں عشائیہ دیا، جس میں منہاج القرآن انٹرنیشنل اور پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان سمیت، مختلف سیاسی اور سماجی تنظیمات کے نمائندگان اور شخصیات نے خصوصی شرکت کی۔
تقریب کا آغاز منہاج القرآن کے درینہ رفیق فخرالقراء قاری محمد ندیم اختر کی پرکیف تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ بعد ازاں ریڈیو، ٹی وی کے معروف نعت خوان محمد جمیل قادری نے اپنے مخصوص انداز میں نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیش کی۔
پاکستان عوامی تحریک نو منتحب صدر چوہدری غلام محی الدین نے شرکاء سے نو منتحب عہدیداران کا تعارف پیش کیا۔ پاکستان کے حالات کا تجزیہ کرتے ہوئے انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ڈنمارک میں ہماری سیاست کا محور پاکستانی کمیونٹی کا اتحاد ہے، تاکہ اوورسیز پاکستانی مصائب میں گھرے اپنے ہموطنوں کو غریب کش نظام سے نجات دلا سکیں اور پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اپنا اہم کردار ادا کریں۔
پاکستان عوامی تحریک ڈنمارک کے کوآرڈینیٹر اور معروف سماجی کارکن محمد اکرم جوڑا نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان عوامی تحریک نہ تو کسی مخصوص شخصیت کے خلاف ہے اور اور نہ ہماری لڑائی کسی مخصوس سیاسی جماعت کے خلاف ہے۔ بلکہ ہماری جدوجہد کا اصل محور موجودہ کرپٹ سیاسی نظام کی تبدیلی ہے۔
نو منتحب مرکزی سیکرٹری جنرل محمد منیر طاہر نے شرکاء کو پاکستان عوامی تحریک کے منشور سے متعارف کروایا۔ منہاج القرآن ڈنمارک کے بانی و سابق صدر اور پاکستان عوامی تحریک کے موجودہ چیف آرگنائزر شیخ محمد اشفاق نے اپنے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان عوامی تحریک آئندہ لائحہ عمل سے آگاہ کیا۔ انہوں نے پاکستان عوامی تحریک کی جدوجہد کے ذریعے عوامی حقوق اور آئین پاکستان کے بارے میں دی جانے والی آگاہی پر سیر حاصل گفتگو کی۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی خدمات اجاگر کرتے ہوئے اُن کے مبسوط تاریخی فتویٰ اور حال ہی میں پیش کردہ فروغِ امن اور انسدادِ دہشت گردی کے نصاب کا تعارفی خاکہ پیش کیا۔ عشائیے کے شرکاء کی شاندار کھانوں سے تواضع کی گئی۔
تبصرہ