لاڑکانہ: پاکستان عوامی تحریک کی یوم دفاع کی تقریب
پاکستان عوامی تحریک لاڑکانہ نے یوم دفاع کی گولڈن جوبلی کی مناسبت سے 17۔ستمبر کو تقریب کا اہتمام کیا، جس کی صدارت پاکستان عوامی تحریک سندھ کے صدر مخدوم ندیم احمد ہاشمی نے کی۔ مرکزی نائب ناظم تنظیمات تحریک منہاج القرآن سردار شاکر مزاری تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ تقریب میں پاکستان عوامی تحریک لاڑکانہ تنظیم کے عہدیداران عزیز شیخ، ڈاکٹر سید دانش، گل حسن جتوئی، امیر احمد چنہ سمیت تحریک منھاج القرآن اور پاکستان عوامی تحریک کے رفقاء و کارکنان اور مختلف مذہبی، سماجی و سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سردار شاکر مزاری نے کہا کہ منہاج القرآن پوری دنیا میں امن کی داعی تحریک کے طور پر جانی جاتی ہے۔ اس تحریک نے بدترین ریاستی جبروتشدد کا سامنا کیا مگر پھر بھی امن کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑا۔ 17 جون 2014 ء کو ماڈل ٹاؤن میں ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں 14 مرد و خواتین شہید ہوگئے اور سینکڑوں زخمی ہوئے مگر دنیا نے دیکھا کہ اس تحریک کے کارکن پھر بھی پرامن رہے۔ صرف یہی نہیں تحریک منہاج القرآن نے پوری دنیا میں امن، محبت اور انقلاب کے پیغام کو عام کیا ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے دہشت گردی کے خلاف تاریخی فتویٰ دے کر یہ بتادیا کہ دہشت گرد اسلام کے ماتھے پر بدنما داغ ہیں مگر بدقسمتی سے پاکستان میں حکمران دہشت گردوں کی سرپرستی کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں ذاتی، مسلکی اور گروہی مفادات سے بالاتر ہوکر انتہاپسندانہ رویوں سے چھٹکارا حاصل کرنا ہوگا۔ مسلح افواج دہشت گردی کے خلاف فیصلہ کن جنگ میں مصروف ہیں، اور جنگ ستمبر کی طرح اس جنگ میں بھی کامیابی پاک فوج کی ہی ہوگی۔ اس موقع پر33 افراد نے تحریک منہاج القرآن کی تاحیات رفاقت کا اعلان کیا۔
تقریب اختتام پر ضلع لاڑکانہ کی تحریک منھاج القرآن اور پاکستان عوامی تحریک کی تنظیمی باڈی مکمل کی گئی۔ ڈاکٹر محمد طاھرالقادری کی صحت و تندرستی اور پاکستان کی سالمیت کے لیے دعاؤں کے ساتھ تقریب کا اختتام ہوا۔
تبصرہ