میانمار (برما) میں مسلمانوں پر ظلم و بربریت کے خلاف مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے احتجاجی مظاہرے
برما میں مسلمانوں کی نسل کشی کا سلسلہ روکا جائے : ایم ایس ایم
دہشتگردی کو اسلام سے نتھی کرنے والوں کو برما میں کچھ دکھائی نہیں دے رہا ؟
مسلم حکمران یاد رکھیں کہ کل انہیں اللہ کی بارگاہ میں پیش ہونا ہے: چوہدری عرفان یوسف
مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے زیراہتمام میانمار (برما) میں مسلمانوں پر ظلم و بربریت کے خلاف لاہور، کوٹلی آزاد کشمیر اور فیصل آباد میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ مرکزی صدر ایم ایس ایم پاکستان چوہدری عرفان یوسف نے کہا کہ مؤثر ممالک جو انسانی حقوق کے چیمپئین بنتے ہیں انہیں دنیا کے نقشے پر خون مسلم بہتا دکھائی نہیں دے رہا ہے۔ بے حسی کی انتہا یہ ہے کہ پاکستانی حکمران بھی چپ سادھے ہوئے ہیں۔ پاکستانی حکمران بلا تاخیر برما میں قتل عام رکوانے میں کردار ادا کریں۔ میانمار کے مسلمانوں پر جس طرح مظالم ڈھائے جا رہے ہیں وہ مہذب دنیا کے منہ پر طمانچہ ہے۔ برما میں جنگل کا قانون نافذ ہے اور اسے لگام دینے والا کوئی نہیں۔
مختلف شہروں میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں کے شرکا نے اسلامی حکمرانوں سے مطالبہ کیا کہ برما کے مسلمانوں کو مشکل کی اس گھڑی میں تنہا نہ چھوڑیں۔ فیصل آباد میں مظاہرے کی قیادت مرکزی نائب صدر وحید اختر، ڈویژنل صدر ناصر علی وارثی اور ضلعی صدر عامر حسین جبکہ کوٹلی میں ہونے والے مظاہرے کی قیادت جنرل سیکرٹری ایم ایس ایم آزادجموں کشمیر سردار بابر علی بابر نے کی۔
تبصرہ