سپین: پاکستان عوامی تحریک اوسپتالیت کی تنظیم نو
تنظیم اوسپتالیت کا اعلان، موقع پر موجود بیسیوں افراد کی پاکستان
عوامی تحریک میں شمولیت
صدر شہباز علی چیمہ، نائب صدر حمید اختر، جنرل سیکرٹری کیلئے مبشر احمد منتخب، عنقریب
تقریب حلف برداری کا انعقاد کیا جائیگا
مقامی شخصیات سمیت محمد اکرم بیگ صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین، چوہدری امانت مہر
اور ظل حسن کی خصوصی شرکت
پاکستان عوامی تحریک بارسلونا کیطرف سے سپین بھر میں تنظیم سازی کے سلسلہ میں پہلی باقاعدہ تقریب گزشتہ اتوار کی سہ پہر اوسپتالیت میں منعقد کی گئی۔ پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا جس کی سعادت شہباز علی چیمہ نے حاصل کی جبکہ نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سعادت سید رفاقت حسین شاہ نے حاصل کی۔ تقریب میں اسٹیج سیکرٹری کے فرائض ادا کرتے ہوئے نوید احمد اندلسی نے پاکستان عوامی تحریک کے اغراض ومقاصد اور استقبالیہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں لاقانونیت، غریبوں اور مظلوموں کے حقوق اور تمام طبقوں کیلئے یکساں نظام کے حصول کیلئے ڈاکٹر طاہرالقادری کی ہدایات پر پاکستان عوامی تحریک کی سرگرمیوں کو دوبارہ بحال کرنے کے سلسلہ میں سپین میں بھی عوامی تحریک کا قیام عمل میں لایا گیا ہے اور پہلے دن سے ہی پاکستان عوامی تحریک سپین نے اپنا کامیاب آغاز کر کے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا لیا ہے اور ان شاءاللہ اب سپین کے دوسرے شہروں میں بھی اس کا آغاز کیا جارہا ہے جس میں اوسپتالیت کو اولیت حاصل ہو گئی ہے۔
اوسپتالیت میں تنظیم کے قیام کے سلسلہ میں منعقدہ اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان عوامی تحریک کے صدر محمد اقبال چوہدری نے کہا کہ لوگوں کے ساتھ جھوٹ بول بول کر اقتدار حاصل کرنے والوں نے عوام الناس کے خوابوں کو چکنا چور کردیا ہے اور پاکستان کے حالات اس قدر خراب کر دئیے ہیں کہ وہاں پر غریبوں کے حقوق تو درکنار اب کاروباری حضرات کا رہنا بھی دشوار کردیا گیا ہے اہل اقتدار نے خود ہی لوٹ مار اور قتل وغارت کا بازار گرم کر رکھا ہے۔ محمد اقبال چوہدری نے تاریخ اسلام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جب آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اسلام کی تبلیغ کا آغاز کیا تو آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کیلئے انتہائی مشکلات اور تکالیف کا سلسلہ شروع کر دیا گیا مگر آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ثابت قدمی اور اپنے اخلاق سے نہایت ہی کم عرصے میں کامیابی کے جھنڈے گاڑھ دئیے۔ انہوں نے کہا کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی زندگی ہمارے لیے مشعل راہ ہے۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے بھی اپنی جدوجہد اور ملکی تاریخ میں طویل ترین دھرنوں کے ذریعے عوام الناس پر واضح کیا کہ ہمیں تعلیمی، اصلاحی اور فلاحی کوششوں میں تیزی لانے کی ضرورت ہے تاکہ ہم ایک بہتر اور فلاحی معاشرہ استوار کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان اور موجودہ سماج جن گوناگوں مسائل اور مشکلات سے دوچار ہے ان سے نجات کا واحد راستہ صرف اور صرف حضرت پیغمبر رحمت محسن انسانیت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی عظیم تعلیمات یعنی قرآن و حدیث پر صدق دلی سے عمل کرنے پر ہی منحصر ہے ہمیں بیداری شعور کی ضرورت ہے۔ محمد اقبال چوہدری نے کہا کہ ہمیں پاکستان میں اپنے بھائیوں کی مشکلات اور تکالیف کے حل کیلئے اپنی کوششوں کو جاری رکھنا ہو گا۔
تقریب کے دوران بیسیوں افراد نے موقع پر پاکستان عوامی تحریک میں شمولیت اختیار کی اور پاکستان عوامی تحریک کیلئے اپنی خدمات سر انجام دینے کا عہد کیا۔ تقریب میں پاکستان عوامی تحریک اوسپتالیت تنظیم کیلئے شہباز علی چیمہ صدر، حمید اختر نائب صدر، مبشر احمد سیکرٹری جنرل، قیصر عباس گوندل جوائنٹ سیکرٹری، ساجد محمود سیکرٹری فنانس، سلمان شیر سیکرٹری اطلاعات، سید رفاقت حسین شاہ سیکرٹری ممبر شپ سمیت محمد سرفراز اور محمد ناظم کو ایگزیکٹو ممبر منتخب کیا گیا جبکہ مزید عہدیداران اور ممبر شپ کے بعد عنقریب تقریب حلف برداری کا انعقاد کیا جا ئیگا۔
تقریب میں خصوصی شرکت کرنیوالوں میں صدر عوامی تحریک محمد اقبال چوہدری سمیت جنرل سیکرٹری راحیل اکرم ایڈووکیٹ، چیف آرگنائزر چوہدری امتیاز آکیہ، ڈپٹی چیف آرگنائزر حاجی طاہر جاوید جوائنٹ سیکرٹری عمران آفتاب، سیکرٹری اطلاعات یوسف چوہدری، سیکرٹری کوآرڈینیشن چوہدری محمد افضال گوندل، ایگزیکٹو ممبر چوہدری شرافت علی، سیکرٹری ممبر شپ قدیر حسین چوہدری کے علاوہ صدر منہاج القرآن سپین محمد اکرم بیگ، صدر منہاج مصالحتی کونسل سپین چوہدری امانت حسین مہر، نائب صدر منہاج القرآن سپین ظل حسن اور دیگر شامل تھے۔
رپورٹ: یوسف چوہدری
تبصرہ