سیاست نہیں ریاست بچاؤ کا نعرہ اب پوری قوم کی آواز بن چکا ہے: احمد نواز انجم
چینی کی قیمت میں اضافہ حکومت کا عوام پر ایک اور خود کش حملہ ہے
قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچانے تک عوامی تحریک احتجاج جاری رکھے گی
سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مجرموں کو کبھی معاف نہیں کریں گے

پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی رہنما احمد نواز انجم کہا ہے کہ سیاست نہیں ریاست بچاؤ کا نعرہ اب پوری قوم کی ضرورت اور آواز بن چکا ہے، اس وقت ڈاکٹر طاہرالقادری کی دور اندیشی نے یہ بات واضح کر دی تھی کہ آنے والے دور میں دہشت گردی کا خاتمہ پاک فوج کی مشاورت اور تعاون سے ہی ممکن ہو سکے گا، اس وقت ڈاکٹر طاہرالقادری پر جمہوریت کو ڈی ریل کرنے کے الزامات لگانے والے آج خود اس بات کو تسلیم کر چکے ہیں کہ ملکی مسائل کے حل کے لئے اداروں کی مشاورت اور تعاون بھی ملکی نظام چلانے کے لیے ضروری ہے۔ ملک کو بحران ذدہ بنانے والے طاقتور مافیا کی جانب سے پٹرول کے بعد چینی کا بحران پیدا کرنے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ چینی کی قیمتوں میں اضافہ حکومت کا عوام پر ایک اور خود کش حملہ ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پاکستان عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن اسلام آباد کے مشترکہ ورکرکنونشن کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ابرار رضا ایڈووکیٹ، اجمل چوہدری، طیب مفتی، عرفان طاہر، فاروق بٹ، حسن ملک، احسن قریشی، طالب حسین سہروردی، احسان اللہ ایڈووکیٹ، احمد یار ایڈووکیٹ، عزیز اللہ مروت، سفیان صابر، عاطف محمود، محبوب الہی اور دیگر بھی موجود تھے۔ احمد نواز انجم نے پاکستان عوامی تحریک کی آئندہ کی پالیسی کے متعلق عہدیداران و کارکنان کو آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مجرموں کو کبھی معاف نہیں کریں گے، قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچانے تک عوامی تحریک احتجاج جاری رکھے گی۔



تبصرہ