نااہل اور کرپٹ حکمرانوں نے ملک کے عوام کو پتھر کے زمانے میں دھکیل دیا۔ پاکستان عوامی تحریک
موجودہ حکمران سابق حکمرانوں کے نقش قدم پر چل رہے ہیں بجلی کا
بریک ڈاؤن، پٹرول بحران نااہلی کا نتیجہ ہے
بجلی،گیس، پٹرول کے بحرانوں میں دھکیل کر دہشت گردی کو پس پشت ڈالنے کی سازش کی گئی
پاکستان عوامی تحریک کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل سردار منصور خان، عمر ریاض عباسی، ملک افضل نے کہا ہے کہ بجلی،گیس، پٹرول کے بحران کے باعث حکمرانوں نے ملک کو سو سال پیچھے پتھر کے زمانے میں دھکیل دیا ہے۔ موجودہ حکمران جن کو سڑکوں پر گھسیٹنے کی دھمکیاں دیتے تھے ان ہی کے نقش قدم پر چل کر ملک میں تباہی اور بربادی کی جانب لے جا رہے ہیں۔ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے اور کرپشن سے پاک کرنے کے لئے موجودہ نااہل حکمرانوں سے نجات اشد ضروری ہے۔ اب یہ عوام کے ہاتھ میں ہے کہ ان کو رہنے دیں یا اٹھا کر اسمبلیوں سے باہر پھینک دیں۔ حکمرانوں کی بدانتظامی اور نااہلی عروج پر ہے، پھر بھی اپنے عہدوں سے چمٹے ہوئے ہیں، ملک میں حقیقی جمہوریت ہوتی تو یہ حکمران ایوانوں کی بجائے جیلوں میں ہوتے۔ بجلی کا بریک ڈاؤن، پٹرول کا شدید بحران، گیس کی عدم دستیابی کے باوجود نااہل حکمران اپنی ناکامی کو تسلیم کرنے کے باوجود اقتدار پر براجمان ہیں، عوام پر ڈھائے جانے والے ظلم کا حکمرانوں سے حساب لیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز میڈیا سیل اسلام آباد میں عوامی تحریک کے انٹرا پارٹی الیکشن کے سلسلے میں بلائے گئے مشاورتی اجلاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ابرار رضا ایڈووکیٹ، نعیم سلطان کیانی، عاقل ستی، میر اشتیاق ایڈووکیٹ، غلام علی خان، مصطفی خان، فاروق بٹ، راجہ منیر اعجاز، عثمان بٹ، حسن ملک، عرفان طاہر، سفیان صابر اور دیگر بھی موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک ایک بڑی جمہوری اور عوامی قوت ہے، جس کے انٹرا پارٹی الیکشن تسلسل سے جاری ہیں، آئندہ ماہ ہونے والے الیکشن بھی خفیہ رائے دہی کے تحت ہوں گے جس کی تیاریاں جاری ہیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کی واپس آ کر تحریک کا وہیں سے آغاز کریں گے جہاں سے چھوڑ کر گئے تھے، ڈیل کی باتیں کرنے والے منہ چھپاتے پھر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’آپریشن ضرب عضب‘‘ جاری ہے یہ وقت قوم کو دہشت گردی کے خلاف متحد کرنے کا تھا، ایسے موقع پر قوم کو بجلی،گیس، پٹرول کے بحرانوں میں دھکیل کر دہشت گردی کو پس پشت ڈالنے کی سازش کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ جو حکمران مسائل اور بحرانوں کو پیدا کرنے کے ذمہ دار ہیں یہ ہر گز بحرانوں سے نکالنے کے قابل نہیں ہیں۔


تبصرہ