بچوں پر لاٹھی چارج، حکمرانوں نے پنجاب پولیس کو کھلی چھٹی دے رکھی ہے۔ سلطان نعیم کیانی
راولپنڈی: پاکستان عوامی تحریک کے ضلعی صدر سلطان نعیم کیانی نے کہا ہے کہ نابینا افراد کے بعد اب معصوم بچوں پر لاٹھی چارج اس بات کا ثبوت ہے کہ پنجاب پولیس کو حکمرانوں نے کھلی چھٹی دے رکھی ہے کہ ہر احتجاج کو کچل دو، شور ہوا تو ہم سنبھال لیں گے۔ کارکردگی کا حال یہ ہے کہ سی سی کیمرہ فوٹیچ کو بروقت دیکھ لیا جاتا تو چٹیاں ہٹیاں دھماکے کو روکا جا سکتا تھا۔ اہلیت کی بجائے سیاسی وفاداروں کی بھرتیوں اور اختیارت کے چند ہاتھوں میں سمٹ جانے نے اداروں کو تباہ کر کے رکھ دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یوتھ سیکرٹریٹ سرسید چوک میں نوجوانوں کیلئے منعقدہ ایک فکری نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وسیم خٹک، قمر شاہ اور شاکر مغل بھی موجود تھے۔
سلطان نعیم کیانی نے کہا کہ تمام وزراء محکموں سے زیادہ اپنے نجی کاروبار کے پھیلاؤ پر زیادہ توجہ دیتے ہیں۔ شاہد خاقان عباسی کو پٹرول بحران پر استعفیٰ دے کر اپنی نجی ائر لائن پر توجہ دینی چاہیئے۔ اسحاق ڈار پاکستان کی بجائے آئی ایم ایف کے مفادات کا زیادہ تحفظ کرتے ہیں۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ایک اہم کردار کے ملک سے بھاگ جانے نے سارے تفتیشی عمل کو متنازعہ بنا دیا ہے۔ انصاف نہ ملا تو پھر سڑکوں پر آ سکتے ہیں۔ حکمران ملکی نظام کو جمہوریت کے مسلمہ اصولوں کی بجائے اپنی ذاتی ترجیحات کے مطابق چلانا چاہتے ہیں۔


تبصرہ