سانحہ پشاور جیسے کئی واقعات حکومتی نااہلی کی وجہ سے رونما ہوئے۔ نصرت امین

پاکستان عوامی تحریک کے ضلعی صدر ابرار رضا ایڈووکیٹ، صدر ویمن لیگ نصرت امین نے کہا ہے کہ ہم شہدائے پشاور کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے بعد ملک میں سانحہ پشاور جیسا دلخراش واقعہ رونما ہوا، جس کی تمام تر ذمہ داری حکمرانوں پر عائد ہوتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پاکستان عوامی تحریک اور PAT ویمن ونگ کے زیراہتمام شہداء پشاور کیلئے قرآن خوانی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر عرفان طاہر، فاروق بٹ، انصار ملک، سفیان صابر، طالب سہروردی، عثمان بٹ، طلحہ بٹ، جمیلہ بٹ، نبیلہ قادری اور دیگر عہدیداران و کارکنان بھی موجود تھے۔
رہنماؤں نے سانحہ پشاور کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی بیانات سے نہیں عملی اقدامات سے ختم ہو گی۔ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے ڈاکٹر طاہرالقادری کے فارمولے پر عمل کیا جائے تو دہشت گردی کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کیلئے نرم گوشہ رکھنے والے معصوم بچوں کی ماؤں کے آنسوؤں کے ساتھ غداری کے مرتکب ہو رہے ہیں۔ فوجی عدالتوں پر تنقید کرنے والے دہشت گردی کو تقویت دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی ناقص حکمت عملی اور دہشت گردوں کو مذاکرات کی آڑ میں وقت دیا جاتا رہا جس کے باعث دہشت گرد اپنا نیٹ ورک مضبوط کر کے شہروں میں داخل ہوگئے۔ پشاور سانحہ جیسے کئی واقعات حکومتی نااہلی اور دہشت گردوں کو سپورٹ مہیا کرنے کی وجہ سے رونما ہوئے۔ اس موقع پر سانحہ پشاور کے شہداء کی یاد میں شمعیں روشن کی گئیں اور شہدا کے ایصال ثواب کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔


تبصرہ