پشاور: پاکستان عوامی تحریک کی شہدائے پشاور کے ساتھ اظہار یکجہتی اور دہشت گردی کیخلاف ریلی
پاکستان عوامی تحریک اوکاڑہ کے زیراہتمام سانحہ پشاور کے شہداء کے ساتھ اظہار یکجہتی اور دہشت گردی کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی جس کی قیادت پاکستان عوامی تحریک کے ضلعی صدر قاری مظہر فرید سیال ایڈووکیٹ، ضلعی آرگنائزر خالد محمود، تحصیل صدر مرزا محمد ابراہیم، تحصیل جنرل سیکرٹر ی راؤ ایاز الکریم، صدر ویمن لیگ راشدہ عابد، ناظمہ ویمن لیگ زلیخاں، ایم ایس ایس، یوتھ لیگ نے کی۔ ریلی پریس کلب سے شروع ہوکرگولچوک پر اختتام پذیر ہوئی، ریلی کے شرکاء نے کتبے اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر پاک فوج زندہ آباد اور دیگر نعرے آویزاں تھے۔
اس موقع پر قائدین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں، دہشت گرد کل انسانیت کے قاتل ہیں، قائد انقلاب ڈاکٹر طاہرالقادری نے پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ دہشت گردی واجب القتل ہے، انہوں نے فتویٰ میں واضح کیا ہوا ہے کہ دہشت گردوں کا انسانیت اور اسلام سے کوئی تعلق نہیں ہے، موجودہ حکمران بزدل ہونے کی بجائے بہادری کا ثبوت دیں، ہم موجودہ حکمرانوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ دہشت گردوں کے خلاف جنگ کو قومی جنگ قرار دیا جائے، دہشت گردی ختم کرنے سے پہلے انتہا پسندی ختم کی جائے جو اس کی بنیادی جڑ ہے۔ جب تک انتہا پسندی ختم نہیں ہوگی تب تک دہشت گردی ختم نہیں ہوسکتی، ہم دہشت گردی اور انتہا پسندی کا قلع قمع کرنے کی حمایت کرتے ہیں۔ پاکستان عوامی تحریک، سنی اتحاد کونسل، مجلس وحدت المسلمین، سنی تحریک اور سول سوسائٹی نے بھر پور شرکت کی۔


تبصرہ