محفوظ مستقبل کیلئے عنان حکومت اہل ہاتھوں میں دینا ہوگی۔ سہیل عباسی
پاکستان عوامی تحریک راولپنڈی کے میڈیا سیکرٹری سہیل عباسی نے کہا ہے کہ پشاور سکول سانحے نے ایک بار پھر یہ ثابت کر دیا کہ ہمارے ملک کی کوئی سلامتی پالیسی نہیں۔ ملک دشمن عناصر جب چاہیں جہاں چاہیں تخریبی کاروائی کر ڈالتے ہیں۔ حکمرانوں کی ساری توجہ سڑکیں اور پل بنانے پر مرکوز ہے۔ نیکٹا کیلئے بجٹ میں صرف نو کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔ ہمارے عدالتی نظام کی کارکردگی مایوس کن ہے۔ سینکڑوں دہشت گرد گرفتار ہوئے مگر آج تک کسی کو سزا نہ ہو سکی۔ انتہا پسندوں کو سیاسی چھتریاں میسر ہیں۔ دہشت گردی کے عذاب سے نجات کیلئے ڈاکٹر طاہرالقادری کی شہرہ آفاق کتاب کو تعلیمی اداروں کے نصاب کا حصہ بنانا ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز تحصیلی دفتر ٹینچ بھاٹہ میں شہداء کیلئے قرآن خوانی کی تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پاکستان عوامی تحریک کے مقامی راہنماء یاسر جنجوعہ ایڈووکیٹ، نعمان چوہدری ایڈووکیٹ اور ولید احمد بھی موجود تھے۔
سہیل عباسی نے کہا کہ سیکورٹی اداروں کے پاس کوئی مربوط پالیسی موجود نہیں ہے۔ ملک میں کئی طرح کے نصاب پڑھائے جاتے ہیں جو قوم کو تقسیم در تقسیم کرنے کا باعث بن رہے ہیں۔ مدارس میں دین کے نام پر مسلک اور مسلک کی آڑ میں نفرت سکھائی جاتی ہے۔ پاک سرزمین کے خلاف ہمسایہ ملک کی کاروائیاں کسی سے پوشیدہ نہیں مگر ہمارے حکمران اپنے کاروبارکو وسعت دینے کیلئے امن کی آشا کے گیت گائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپنے بچوں کے محفوظ مستقبل کیلئے ہمیں عنان حکومت اہل ہاتھوں میں دینا ہوگی۔


تبصرہ