عوام کو بھوک اور افلاس کا تحفہ دینے والے حکمرانوں کو اقتدار میں رہنے کا کوئی حق حاصل نہیں: سید ہدایت رسول قادری
فیصل آباد: تحریک منہاج القرآن کے ضلعی امیر سید ہدایت رسول قادری، ناظم میاں کاشف محمود نے کہا ہے کہ تھرپارکر میں بھوک کے باعث درجنوں معصوم بچوں کی ہلاکتیں حکمرانوں کی نااہلی کا واضح ثبوت ہیں۔ عوام کو بنیادی حقوق کی عدم فراہمی پر آئین پاکستان کی خلاف ورزی کے مرتکب حکمرانوں کو نااہل قرار دیا جائے۔ غریب عوام کو بھوک اور افلاس کا تحفہ دینے والے حکمرانوں کو اقتدارمیں رہنے کا کوئی حق حاصل نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی پی 67 کے اجلاس میں عہدیداران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ضلعی سیکرٹری اطلاعات غلام محمد قادری، صدر سہیل مقصود، ناظم کاشف ایاز، محمد رفیق قادری، محمد عمران شاہد، ظفر اقبال اور علی جازب بھی موجود تھے۔
میاں کاشف محمود نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 38 کے تحت ریاست عوام کو روٹی، کپڑا، مکان، تعلیم، صحت اور بنیادی سہولتیں دینے کی پابند ہے، لیکن حکمران اپنی عیاشیوں میں مگن ہیں جبکہ عوام بھوک اور افلاس کی چکی میں پس رہے ہیں۔ حکمران اپنی کرسی بچانے کی فکر میں غریب عوام سے کیے گئے وعدے بھول کر اقتدار کے نشے میں بد مست ہاتھی بن چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے قوم کو آئین کا شعور دیا اور بتایا کہ آئین پاکستان عوام کے حقوق کی ضمانت دیتا ہے، لیکن حکمران مسلسل آئین پاکستان کی خلاف ورزی کے مرتکب ہو رہے ہیں۔ پاکستان عوامی تحریک عوام کو دعوت فکر دے رہی ہے کہ اٹھو اور ڈاکٹر طاہرالقادری کے انقلاب کا حصہ بن کر ملک میں حقیقی تبدیلی لانے کے لیے اپنا کردار ادا کرو۔


تبصرہ