ڈاکٹر طاہرالقادری کی صحت یابی کے بعد پوری قوت سے دوبارہ میدان عمل میں اتریں گے۔ سلطان نعیم کیانی
پاکستان عوامی تحریک راولپنڈی کے ضلعی صدر سلطان نعیم کیانی نے کہا ہے کہ لاہور میں اپنے حقوق مانگنے والے نابینا افراد پر پنجاب پولیس کے وحشیانہ تشدد سے ایک بار پھرثابت ہو گیا کہ موجودہ نظام میں حکومتی مظالم کے خلاف آواز بلند کرنا جرم ہے۔ مریم شریف کہتی ہیں کہ وزیراعلیٰ پنجاب ملک میں ہوتے تو فوری نوٹس لیتے۔ ماڈل ٹاؤن میں 13 گھنٹے خون کی ہولی کھیلی جاتی رہی مگر کسی نے کوئی نوٹس نہ لیا۔ ہر غیر جانبدار شخص یہ بات مانتا ہے کہ ماڈل ٹاؤن کا واقعہ حکمرانوں کی مرضی کے بغیر ناممکن تھا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کی صحت یابی کے بعد پوری قوت سے دوبارہ میدان عمل میں اتریں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ضلعی سیکرٹریٹ البلال پلازہ چاندنی چوک میں ایک اہم تنظیمی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں اگلے تین ماہ کیلئے پاکستان عوامی تحریک کا ورکنگ پلان پیش کیا گیا جسے کثرت رائے سے منظور کر لیا گیا۔ اس موقع پر دیگر ضلعی راہنما صاحبزادہ عاقل ستی، انار خان گوندل، سعید راجہ، منصور اعوان، بلال چیمہ بھی موجود تھے۔ سلطان نعیم کیانی نے کہا کہ پیپلز پارٹی اپنی بقاء کی جنگ لڑ رہی ہے۔ جماعت اسلامی کی نظام اور حکمرانوں بارے وہی شکایات ہیں جو ہماری ہیں مگر ان کے خاتمے کیلئے مؤثر جدوجہد سے گریزاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک نظام کی قباحتوں کو اجاگر کرتی رہے گی۔ پٹرول کی قیمتیں 17 روپے کم ہوئی ہیں جبکہ اندرون شہر پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں دو روپے کی کمی کی گئی ہے۔


تبصرہ