یکطرفہ حکومتی جے آئی ٹی کو تسلیم کیا اور نہ کبھی کریں گے۔ مصطفی خان
عوامی تحریک شہداء کے خون کا بدلہ صرف قصاص کی صورت میں لینے کے لئے اپنے موقف پر قائم ہے
ڈاکٹر طاہرالقادری ملک میں وہ نظام لانا چاہتے ہیں کہ جس میں بکری کا بچہ بھی مر جائے تو اس کے ذمہ دار حکمران ہوں
آج کا سورج بھکر کے ضمنی الیکشن میں عوامی تحریک کی کامیابی کی نوید لے کر طلوع ہوگا۔ غلام علی خان
پاکستان عوامی تحریک کے رہنما انچارج میڈیا سیل مصطفی خان، میڈیا کوآرڈینیٹر غلام علی خان نے اسلام آباد میڈیا سیل میں پرنٹ میڈیا کے نمائندوں سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوامی تحریک شہداء کے خون کا بدلہ صرف قصاص کی صورت میں لینے کے لئے اپنے موقف پر قائم ہے۔ حکمران ہرگز یہ نہ سمجھیں کہ ہم کبھی بھی اس زخم کو بھولیں گے، شہداء کا خون کبھی پس پشت نہیں ڈالا جائے گا۔ عوامی تحریک نے پہلے دن سے حکومتی جے آئی ٹی کو مسترد کر دیا تھا اور آج بھی اپنے موقف پر قائم ہے۔ یکطرفہ حکومتی جے آئی ٹی کو تسلیم کیا اور نہ کبھی کریں گے۔ شہدائے ماڈل ٹاؤن اور شہدائے اسلام آباد کا خون کبھی معاف نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے 30 اگست کی رات کو پولیس کے پاس اسلحہ نہ ہونے کے وزیر داخلہ کے بیان کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ چوہدری نثار اور حکومتی وزراء جھوٹ بولنے میں پی ایچ ڈی کئے ہوئے ہیں۔ میڈیا کے ذریعے پنجاب پولیس کی بربریت کو پوری دنیا نے دیکھا۔
انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک انقلابی اور انتخابی جدوجہد کو جاری رکھے گی۔ جس دن عوامی تحریک کو قوت نافذہ ملی پہلے مہینے سے ہی بجلی اور گیس کے بلوں پر نصف رعایت دے دی جائے گی۔ آئین کے آرٹیکل 38 نے عوام کو یہ حق دیا ہے کہ کوئی شخص روٹی، کپڑا، مکان اور انصاف سے محروم نہ رہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری ملک میں وہ نظام لانا چاہتے ہیں کہ جس میں بکری کا بچہ بھی مر جائے تو اس کے ذمہ دار حکمران ہوں۔ میڈیا کوآرڈینیٹر غلام علی خان نے کہا ہے کہ آج کا سورج بھکر کے ضمنی الیکشن میں عوامی تحریک کی کامیابی کی نوید لے کر طلوع ہوگا۔


تبصرہ