پولیو ورکرز پر حملہ اور چار شہریوں کی اموات وفاقی و صوبائی حکومتوں کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ خواجہ عامر فرید کوریجہ
اوکاڑہ: پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری خواجہ عامر فرید کوریجہ نے کہا ہے کہ بھکر کے ضمنی انتخاب میں موجودہ حکمرانوں نے (ن) لیگ کے امیدواروں کو جعلی ووٹ ڈلوا کر جتوانے کی کوشش کی تو ہم پورے بھکر کو سیل کر دیں گے اور بھرپور احتجاج کریں گے۔ حکومت بھکر میں اپنے اوچھے ہتھکنڈوں سے باز رہے، بھکر کے جلسے نے حکمرانوں کی نیندیں حرام کر دی ہیں اب انکو خواب میں بھی بھکر نظر آتا ہے۔ پولیو ورکرز پر حملہ اور چار شہریوں کی اموات وفاقی و صوبائی حکومتوں کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منہاج ہاؤس اوکاڑہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔ اس موقع پر صاحبزادہ عزیر کوریجہ ضلعی صدر پاکستان عوامی تحریک، قاری مظہر فرید سیال ایڈووکیٹ ضلعی امیر تحریک، محمد حفیظ قادری ضلعی آرگنائزر پاکستان عوامی تحریک، خالد محمود، جی اے شیخ قادری میڈیا کوآرڈینٹر پاکستان عوامی تحریک اوکاڑہ اور دیگر تحصیلوں کے عہدیداروں نے شر کت کی۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اور عوامی تحریک کو کزن کہنے والے اب خود پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ آپس میں کزن بن گئے ہیں، یہی وجہ ہے کہ سرمایہ دار غریب کو کبھی بھی کزن نہیں کہتے انکو غلام ہی مانتے ہیں۔ پاکستان عوامی تحریک نے غریب کو سرمایہ مانا ہے اور فرسودہ کرپٹ نظام کے خلاف جنگ لڑ رہی ہے۔ عوامی تحریک وہ نظام دینا چاہتی ہے جس کے نتیجے میں عدل و انصاف اور بھائی چارے کا معاشرہ قائم ہو اور امیر و غریب کا فرق ختم ہو۔
انہوں نےمزید کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کا جو چالان حکومت کی طرف سے پیش کیا گیا اور خرم نواز گنڈاپور کو ملزم ٹھہرایا گیا ہے ان کو شرم نہیں آتی، کارکن بھی ہمارے شہید ہوئے اور ملزم بھی ہم ہیں، کیسا اندھا قانون حکومت بنار ہی ہے کہ نہتے بے گناہ لوگوں پر گولیاں چلانے والے بے گناہ اورگولیاں کھانے والے شہید مجرم ہیں۔ اس FIR اور چالان سے انصاف اور شرافت کا بھی خون ہوا ہے، موجودہ حکمران ہمیں پرامن جدوجہد کے راستے سے ہٹا کر تصادم کی راہ پر چلنے پر مجبور کیوں کر رہے ہیں؟ ہم پرامن ہیں اور ہمیں پرامن ہی رہنے دیا جائے۔


تبصرہ