پاکستان عوامی تحریک کی بیدارئ شعور مہم ملک میں حقیقی تبدیلی کی بنیاد ثابت ہو گی۔ قمر النساء خاکی
فیصل آباد: منہاج القرآن ویمن لیگ کی ضلعی ناظمہ قمر النساء خاکی نے کہا ہے کہ آج کا سب سے بڑا المیہ ہے کہ پاکستان قوم کو تلاش کر رہا ہے۔ ہم پنجابی، سندھی، بلوچی اور پٹھان تو ہیں مگر پاکستانی نہیں رہے۔ آج گروہوں میں بٹے رہنے کی روش سے تائب ہو کر پھر سے قوم بننا ہو گا۔ موجودہ ظالمانہ نظام کے ہوتے ہوئے درست قیادت کا انتخاب نہیں ہو سکتا۔ پاکستان عوامی تحریک کی بیدارئ شعور مہم ملک میں حقیقی تبدیلی کی بنیاد ثابت ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر تسنیم افضال، رمضانہ قادری اور مصباح افتخار بھی موجود تھیں۔
ضلعی نائب صدر فرحت دلبر قادری نے کہا کہ حقیقی جمہوریت کے قیام کیلئے انفرادی اور اجتماعی سطح پر کردار ادا کرنا ہو گا۔ عوامی مسائل کا ذمہ دار یہ ظالمانہ نظام ہے۔ گھریلوگیس کی بندش، بجلی کی لوڈ شیڈنگ اور اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ کے تسلسل نے غریب عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے جبکہ ہوشرباء مہنگائی نے ان سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے۔ اگر ظالمانہ نظام کے خلاف منظم جدوجہد نہ کی گئی تو حقیقی پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر نہ ہو سکے گا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کی نظام کے خلاف جدوجہد مستقبل میں پاکستان میں حقیقی جمہوریت کے قیام کا باعث ہو گی۔


تبصرہ