شدید علالت کے باوجود ڈاکٹر طاہرالقادری کا عوام کے حقوق کی جنگ لڑنا قابل تحسین ہے۔ سعید راجہ
تحریک منہاج القرآن راولپنڈی کے ناظم سعید راجہ نے کہا ہے کہ شدید علالت کے باوجود ڈاکٹر طاہرالقادری کا عوام کے حقوق کی جنگ لڑنا قابل تحسین ہے۔ پاکستان عوامی تحریک اور تحریک انصاف کی جدوجہد سے مقتدر بدعنوان طبقات کے خلاف دن بدن عوامی شعور بیدارہو رہا ہے۔ حکمران اپنی کارکردگی بہتر بنانے کی بجائے گیس کی بدترین لوڈشیڈنگ پر احتجاج کرنے والے عوام پر مقدمے قائم کر رہے ہیں۔ تھانہ کچہری کی سیاست موجودہ حکمرانوں کا طرہ امتیاز ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پنڈورہ میں پاکستان عوامی تحریک کے راہنما امجد عباسی کی رہائش گاہ پر مقامی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
سعید راجہ نے کہا کہ حکومتی ترجمان قومی مسائل پر بات کرنے کی بجائے عوام کو فضول بحثوں میں الجھا رہے ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق ساٹھ لاکھ مقدمات فیصلوں کے منتظر ہیں، نبٹنے کیلئے سینکڑوں مزید عدالتیں اور جج درکار ہیں جس کیلئے مطلوبہ وسائل اعلیٰ عدلیہ کو میسر نہیں جبکہ حکومت اربوں کے قرضے لے کر غیر پیداواری منصوبوں پر خرچ کر رہی ہے۔ انہوں نے کارکنوں سے کہا کہ اس ملک میں رائج استحصالی نظام کے خاتمے کیلئے ہمیں کروڑوں عوام کی حمایت درکار ہے۔ دھرنے کے ذریعے ہر گھر میں ڈاکٹر طاہرالقادری کا پیغام پہنچ چکا ہے اب کارکنوں کی ذمہ داری ہے کہ اپنے اپنے علاقوں میں ایک ایک فرد تک پہنچ کر اسے پاکستان عوامی تحریک کا سرگرم رکن بنائیں۔


تبصرہ