ڈاکٹر طاہرالقادری کی وطن واپسی نے ناقدین کے منہ بند کر دیے۔ سہیل عباسی
پاکستان عوامی تحریک راولپنڈی کے میڈیا سیکرٹری سہیل عباسی نے کہا ہے کہ حکمران پالتو لوگوں پر جے ٹی آئی ٹی بنوا کر اپنے آپ کو معصوم ثابت کرنا چاہتے ہیں۔ اشتہاری قرار دینے اور گرفتاری کی حکومتی بڑھکوں کے باوجود ڈنکے کی چوٹ پر ڈاکٹر طاہرالقادری کی وطن واپسی نے ناقدین کے منہ بند کر دیے۔ 23 نومبر کو بھکر میں عوام کا سمندر موجودہ نظام سے اپنی نفرت کا اظہار کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پاکستان عوامی تحریک ٹینچ بھاٹہ کے تحصیلی دفتر میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر حافظ یاسر جنجوعہ ایڈوکیٹ، نعمان چوہدری ایڈوکیٹ اور حاجی ظہیر الزمان بھی موجود تھے۔
سہیل عباسی نے مزید کہا کہ پرانے مسلم لیگی راہنما بھی موجودہ کاروباری حکمرانوں سے انتہائی نالاں ہیں اور جماعت کے اندر ٹوٹ پھوٹ کے عمل میں تیزی آ رہی ہے۔ وہ وقت دور نہیں جب حکومتی ایوانوں میں گو نواز گو کے نعرے لگیں گے۔ نجکاری کی آڑ میں ملکی وسائل کو لوٹا جائے گا۔ ماضی میں جن اداروں کو نجی تحویل میں دیا گیا ان کے ملازمین کی زندگیاں عذاب بن چکی ہیں۔ انتخابی دھاندلیوں پر جوڈیشنل کمیشن بنانے سے متعلق وزیراعظم نے سارا بوجھ اعلی عدلیہ کے کندھوں پر ڈال دیا ہے جبکہ چیف جسٹس اس بارے اپنی پوزیشن واضح کرنے کی بجائے خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 23 نومبر سے ڈاکٹر طاہرالقادری شہر شہر جاکر لوگوں کو موجودہ استحصالی نظام کے خلاف عملی جدوجہد کیلئے تیار کرنا شروع کر دیں گے۔ دنیا کچھ کہتی رہے، سر زمین پاکستان سے ہر استحصال کے خاتمے تک بار بار حکمت عملی اور راستے بدلتے رہیں گے۔ یہ سچی جدوجہد ہے، جلد یا بدیر اسے رنگ لانا ہے۔


تبصرہ