حکمران اپنے من پسند افراد کو سرکاری محکموں میں لگا کر ملک کو اتفاق فونڈری کی طرز پر چلانا چاہتے ہیں۔ غلام علی خان
موجودہ حکمرانوں کے ہوتے ہوئے ملک کا کوئی بھی شریف شخص چیف الیکشن کمشنر کی ذمہ داری لینے کے لئے تیار نہیں ہے
پاکستان عوامی تحریک کے میڈیا کوآرڈینیٹر غلام علی خان نے انتخابی اصلاحات کمیٹی ٹوپی ڈرامہ ہے، مک مکا اور باریوں والے اب قوم کو مزید بے وقوف نہیں بنا سکتے۔ سپریم کورٹ کی ڈیڈ لائن ختم ہونے کے بعد اگلی ڈیڈ لائن کے خاتمے کا وقت بھی قریب ہے لیکن تاحال چیف الیکشن کمشنر کا تقرر نہ ہو سکا جو کہ حکومت کی ناکامی اورنااہلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کے ہوتے ہوئے ملک کا کوئی بھی شریف شخص چیف الیکشن کمشنر کی ذمہ داری لینے کے لئے تیار نہیں ہے کیونکہ حکمران اپنے من پسند افراد کو سرکاری محکموں میں لگا کر پورے ملک کو اتفاق فونڈری کی طرز پر چلاناچاہتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز عوامی تحریک پی پی 11 کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نذیر ہزاروی، شیخ جاوید عالم، حاجی عبدالغفور، مقصود عباسی، منور اقبال، عارف چوہدری، ملک مظہر ایڈووکیٹ، جاوید اقبال، اسامہ محمود، راجہ آصف اور دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری کی ہدایات کی روشنی میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ہر یونین کونسل میں عوامی تحریک کی ممبر سازی اور تنظیم سازی ازسر نو کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک میں نئے آنے والے لوگوں کو خوش آمدید کہا جائے گا۔


تبصرہ