ملک نہیں بلکہ شریف فیملی اور حکمران طبقہ معاشی ترقی کر رہا ہے۔ غلام علی خان
بجلی کی مسلسل لوڈشیڈنگ اور گیس کی بندش سے صنعتیں تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہیں
پاکستان عوامی تحریک کے رہنما میڈیا کوآرڈینیٹر غلام علی خان نے کہا ہے کہ ملک نہیں بلکہ شریف فیملی اور حکمران طبقہ معاشی ترقی کر رہا ہے۔ حکمران بیرونی دوروں سے اپنے کاروبار کو وسعت دے رہے ہیں، ملکی ترقی خواب بن کر رہ گئی ہے، بیرونی قرضوں نے ملک کو اقتصادی طور پر مفلوج کر کے رکھ دیا ہے، بجلی کی مسلسل لوڈ شیڈنگ اور اب گیس کی بندش سے صنعتیں تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہیں۔ ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لیے جرات مند اور مخلص قیادت کی ضرورت ہے جو ڈاکٹر طاہرالقادری کی صورت میں میسر آ چکی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز عوامی تحریک پی پی 11 کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نذیر ہزاروی، شیخ جاوید عالم، ملک مظہر ایڈووکیٹ، چوہدری عارف، مقصود عباسی، حاجی عبد الغفور، جاوید لون اور دیگر بھی موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کے صنعتی شعبہ کو 4 ماہ کیلئے گیس کی فراہمی بند کرنے کا فیصلہ امتیازی ہے جس پر وزیر اعلیٰ پنجاب کی خاموشی افسوسناک ہے۔ اس فیصلہ سے کم و بیش ڈیڑھ کروڑ افراد روزگار سے محروم ہو جائیں گے، صنعتی شعبہ تباہ اور صوبہ کی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا وفاقی حکومت یہ فیصلہ واپس لے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب اپنے گزشتہ دور حکومت میں لوڈ شیڈنگ کے خلاف پر تشدد مظاہروں کی قیادت کرتے رہے اور مینار پاکستان پر ٹینٹ میں کابینہ کے اجلاس منعقد کرنے کی شعبدہ بازیاں کرتے رہے اور آج لوڈ شیڈنگ کا شکار صنعتی شعبہ کو 4 ماہ کیلئے گیس کی سپلائی معطل کی جا رہی ہے تو وزیر اعلیٰ پنجاب کو ہمدردی کا ایک بول بولنے کی بھی توفیق نہیں ہو رہی۔ انہوں نے کہا کہ گیس معطل کرنے والے امتیازی اور ظالمانہ فیصلہ کو وفاقی حکومت فی الفور واپس لیا جائے۔


تبصرہ