واہ کینٹ: پاکستان عوامی تحریک کا یوم اقبال کے موقع پر تقریب کا انعقاد

پاکستان عوامی تحریک واہ کینٹ کے زیراہتمام یوم اقبال کے موقع پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں واہ کینٹ کی معروف سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہوا۔ اس موقع پر تحریک منہاج القرآن پی پی 8 کے صدر پروفیسر ڈاکٹر عبد الرحیم اور سابق مرکزی ناظم دعوت علامہ علی اختر اعوان نے خصوصی شرکت کی۔ پروفیسر ڈاکٹر عبدالرحیم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علامہ اقبال کے خواب کی عملی تعبیر ڈاکٹر طاہرالقادری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کا ایجنڈا، منشور اور جدوجہد قائد اعظم اور علامہ محمد اقبال کے نظریات کے عین مطابق ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری آئین و قانون کی حکمرانی اور ملک کے پسے ہوئے طبقات کو سہولیات اور ریلیف دینا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری کی قیادت میں اپنے نصب العین کے حصول تک کرپٹ نظام کے خلاف جدوجہد جاری رکھے گی اور اپنے دعوے کو پایہ تکمیل تک پہنچا کر دم لے گی۔
علامہ علی اختر اعوان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج حکومت کا دھرنے والوں پر الزام ہے کہ دھرنوں کی وجہ سے ملک کو بہت نقصان ہوا ہے، چین کا دورہ منسوخ ہوگیا تھا، اس کی وجہ سے عوام کو سستی بجلی ملنے والی تھی، یہ حکومتی دعوے سب غلط ہیں، دھرنوں کی وجہ سے ان کے اکاؤنٹ میں جانے والے پیسوں کا کچھ حصہ عوام کو ریلیف دینے پر پٹرول کی قیمتوں میں کمی اور دیگر صورتوں میں خرچ ہوگیا ہے اور چین دوروں کی جو دھوم مچائی جا رہی ہے سابقہ روایات کے مطابق عوام کو کچھ ملنے والا نہیں ہے۔ بجلی کے نرخ عوام کی پہنچ سے اوپر ہی ہوں گے۔ یہ حکمران عوام کے پیسوں پر غیر ملکی دورے کر کے اپنے کاروبار چمکاتے ہیں اور عوام کا مقدر وہی لوڈ شیڈنگ، بھوک، افلاس، دہشت گردی، سیلاب کی تباکاریاں اور مجبوریاں ہیں۔ تقریب کا اختتام دعائیہ کلمات سے ہوا۔


تبصرہ