حکمران ڈنگ ٹپاؤ، دیہاڑی لگاؤ پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔ ابرار رضا ایڈووکیٹ
تھر کے حالات حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں اور نااہلیوں کا نتیجہ
ہیں۔ انصار ملک
عوامی انقلاب کی ملک گیر تحریک کے نتیجے میں اب انقلاب کا پیغام گھر گھر پہنچایا جائے
گا

پاکستان عوامی تحریک کے رہنما ابرار رضا ایڈووکیٹ اور انصار ملک نے کہا ہے کہ پاکستان عوامی تحریک کا انتخابی نشان الماری پہلے سے موجود ہے۔ نشان کی تبدیلی کے لیے مشاورت کے بعد باقاعدہ درخواست دائر کریں گے۔ اس کے متعلق عوامی تحریک کی مرکزی عاملہ میں مشاورت جاری ہے۔ تھر کے حالات حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں اور نااہلیوں کا نتیجہ ہیں۔ سانحہ کوٹ رادھا کشن جیسے واقعات کی روک تھام کے لئے بھی کوئی واضح پلان موجود نہیں ہے۔ حکمران ڈنگ ٹپاؤ، دیہاڑی لگاؤ پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اسلام آباد میڈیا سیل میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر اشتیاق میر ایڈووکیٹ، مصطفی خان، غلام علی خان، عرفان طاہر بھی موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک نے دھرنا ختم نہیں کیا بلکہ حکمت عملی کے تحت اسے پورے ملک میں پھیلا دیا ہے۔ دھرنے پر تنقیدکرنے والے ہم سے پہلے بھی متفق نہیں تھے۔ مخالفت کرنے والوں کا انقلاب سے کوئی سروکار نہیں ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ دھرنے کی مخالفت اور اعتراض کرنے والے 23 نومبر کو بکھر میں آ کر دیکھ لیں، عوام کا سمندر نظر نہ آیا تو پھر بات کریں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی انقلاب کی ملک گیر تحریک کے نتیجے میں اب انقلاب کا پیغام گھر گھر پہنچایا جائے گا۔ وہ وقت دور نہیں جب اس قوم کو ڈاکٹر طاہرالقادری کے دس نکاتی منشور کے تحت بنیادی حقوق مہیا ہوں گے۔


تبصرہ