دھرنوں کو ترقی کے عمل میں رکاوٹ قراردینا آمرانہ سوچ کی علامت ہے۔ غلام علی خان
حکمرانوں نے پٹرول کی کمی کے نام پر کروڑوں روپے اپنی ذاتی تشہیر پر لگا دیے
پاکستان عوامی تحریک کے رہنما سابق امیدوار برائے ناظم غلام علی خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی کا عمل گزشتہ تیس سالوں سے رکا ہوا ہے۔ دھرنوں کو ترقی کے عمل میں رکاوٹ قرار دینا آمرانہ سوچ کی علامت ہے۔ عالمی مارکیٹ کے مقابلے میں پٹرول کی قیمتوں میں معمولی کمی کر کے عوام کو لالی پاپ دیا گیا۔ حکمرانوں نے پٹرول کی کمی کے نام پر کروڑوں روپے اپنی ذاتی تشہیر پر لگا دیے۔ بجلی کے بلوں اضافہ کر کے غریب عوام پر ظلم کی انتہا کر دی گئی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز عوامی تحریک راولپنڈی کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئیے کیا۔ اس موقع پر ملک افضل، ملک طاہر جاوید، نذیر ہزاروی، شیخ جاوید عالم، مقصود عباسی، امجد عباسی، ملک ناصر، ملک جہانگیر، ملک مظہر ایڈووکیٹ اور دیگر بھی موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ تھر میں قحط کے باعث 50 سے زائد بچوں کی ہلاکت حکمرانوں کے منہ پر طمانچہ ہے۔ سندھ کا علاقہ تھر عرصہ سے قحط میں مبتلا ہے، بھوک اور غربت کے باعث ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ انسانی حقوق کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں۔ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی کارکردگی صفر ہے۔ حکمران کمیشن کے لئے صرف میگا پراجیکٹس پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں۔ ناقص کارکردگی کے باعث مرکزی اور صوبائی حکومت کو مستعفی ہوجانا چاہئے۔ عوامی تحریک کے رہنماؤں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کو منظم کرنے کے کام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری کے دس نکاتی منشور کے نفاذ تک جدوجہد جاری رکھے گی اور عوام کو ان کے حقوق دلا کر دم لے گی۔


تبصرہ