پاکستان عوامی تحریک نے الیکشن کمیشن میں باقاعدہ اپنے گوشوارے جمع کروا دیے
پاکستان عوامی تحریک واحد سیاسی جماعت ہے جس نے اپنے اثاثے ظاہر کر دیے ہیں۔ ابرار رضا ایڈووکیٹ

پاکستان عوامی تحریک کے رہنما ابرار رضا ایڈووکیٹ، غلام مصطفی خان، غلام علی خان اور چوہدری اجمل نے الیکشن کمیشن میں پاکستان عوامی تحریک کے گوشوارے جمع کروا دیے ہیں۔ یاد رہے کہ اگست میں انقلاب مارچ اور پھر 70 دن کے طویل ترین دھرنے کے باعث عوامی تحریک کے گوشوارے جمع نہیں ہو سکے۔ گزشتہ روز پاکستان عوامی تحریک نے الیکشن کمیشن میں باقاعدہ تمام تر تفصیلات کے ساتھ اپنے گوشوارے جمع کروا دیے۔
ابرار رضا ایڈووکیٹ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک واحد جماعت ہے جس نے اپنے حقیقی اثاثے ظاہر کیے ہیں۔ دھرنے کے دوران پاکستان عوامی تحریک کے اکاؤنٹس کے متعلق حکومتی وزراء کے الزامات کے بعد حکومت نے عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کے مالی معاملات کی تحقیقات کروائیں مگر کسی قسم کے الزام کو بھی ثابت نہ کر سکے اور حکومت اور اس کے حواریوں کو ہر محاذ پر ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان عوامی تحریک کے کل اثاثہ جات اٹھارہ لاکھ، چالیس ہزار دو سو اکیاسی ہیں۔ دھرنے کے فنڈز کے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ دھرنے اور جلسوں کے لئے فنڈز کا انتظام کارکنان خود کرتے ہیں۔ پارٹی کے ریگولر فنڈز اور جلسوں کے فنڈز علیحدہ علیحدہ ہوتے ہیں۔ پارٹی کے اکاؤنٹس کے متعلق کوئی بھی کارکن کسی بھی وقت معلومات حاصل کر سکتا ہے۔


تبصرہ