بدعنوان مقتدر طبقات مل کر اس ملک کے وسائل لوٹ رہے ہیں۔ سلطان نعیم کیانی
پاکستان عوامی تحریک راولپنڈی کے صدر سلطان نعیم کیانی نے کہا ہے کہ ہماری جدوجہد نے موجودہ حکومت کو ملک بھر میں غیر مقبول بنا دیا۔ عوام کو مطمئن کرنے کیلئے چند دن پہلے کابینہ کا اجلاس ٹی وی پر براہ راست دکھایا گیا جس میں وزیراعظم اپنے وزراء سے یہ پوچھتے پائے گئے کہ کن کن شعبوں میں اصلاحات کی ضرورت ہے۔ انتخابات میں تجربہ کار ہونے کا دعوی کرنے والوں کو ڈیڑ ھ سال بعد بھی یہ سمجھ نہیں آئی کہ ملکی نظام میں کہاں کہاں کمزوریاں ہیں۔ دھرنے کے دوران پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کی طرح کابینہ کے اجلاس نے بھی سیاسی اشرافیہ کی اہلیت عوام کے سامنے کھول کر رکھ دی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ضلعی سیکرٹریٹ البلال پلازہ چاندنی چوک میں پاکستان عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کے ایک مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صاحبزادہ عاقل ستی، انارخان گوندل، سعید راجہ اور ملک طاہر جاوید بھی موجود تھے۔
سلطان نعیم کیانی نے کہا کہ وزیراعظم ایک طرف خود احتسابی کے بڑے راگ الاپ رہے ہیں تو دوسری طرف اپنے خلاف نیب میں پڑے مقدمات کا خاتمہ بھی کئے جا رہے ہیں۔ اقتدار میں آتے ہی پانچ سو ارب بغیر آڈٹ کے آئی ڈی پیز کو دے دیے گئے اس کا آج تک کوئی احتساب نہ ہو سکا۔ ہر غیر ملکی دورے میں جس میں اربوں کے معاہدے ہوتے ہیں، صرف وزریراعلیٰ پنجاب وزیر اعظم کے ہمراہ ہوتے ہیں۔ حقیقی جمہوریت میں اپوزیشن جماعت حکومت کا محاسبہ کرتی ہے مگر یہاں حال یہ ہے کہ خود اپوزیشن لیڈر پر کرپشن کے مقدمات ہیں۔ جونہی پچھلی حکومت کی کرپشن بارے بات ہوتی ہے بلاول بھٹو چیخنا شروع کر دیتے ہیں کہ ہم بھی لانگ مارچ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ بدعنوان مقتدر طبقات مل کر اس ملک کے وسائل لوٹ رہے ہیں۔ پچھلوں کو پکڑا جاتا ہے نہ آنے والے کرپشن سے باز آتے ہیں۔ احتساب کے نعرے فقط عوام کو بیوقوف بنانے کیلئے ہیں۔ عوام بھی اگر او جی ڈی سی ایل کے ملازمین کی طرح کسی انقلابی قیادت میں منظم ہو جائیں تو پاکستان کو لٹنے سے بچا سکتے ہیں۔


تبصرہ