نااہل حکمرانوں کی وجہ سے کروڑوں عوام عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ عمر ریاض عباسی
پاکستان عوامی تحریک کے ڈپٹی سیکرٹری اطلات عمر ریاض عباسی، ڈپٹی سیکرٹری جنرل سردار منصور خان، مصطفی خان، غلام علی خان نے گزشتہ روز وا ہگہ بارڈر پر ہونیوالے خودکش حملے کی مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ حکومت کے قیام امن کے لئے سیکیورٹی انتظام کے تمام دعوے بے نقاب ہوگئے اور دہشت گرد اپنی مذموم کاروائی کرنے میں کامیاب ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی پیشگی اطلاع کے باوجود حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ میں مکمل طور پر ناکام رہی جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ نااہل حکمرانوں کی وجہ سے کروڑوں عوام عدم تحفظ کا شکار ہیں، قوم کو دہشت گردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ دہشت گردی کے اس سفاکانہ واقعہ میں ملوث دہشت گردوں کے نیٹ ورک تک پہنچنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں اور عوام کے جان و مال سے کھیلنے والوں کو بے نقاب کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ واہگہ بارڈر پر ہونے والے اس اندوہناک سانحہ نے پوری قوم کو سوگوار کر دیا ہے۔ عوامی تحریک کے رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات دی جائیں اس میں کسی قسم کی غفلت کا مظاہرہ نہ کیا جائے۔


تبصرہ