10 نکاتی عوامی ایجنڈے کی تکمیل تک انقلاب کا سفر جاری رہے گا۔ ابرار رضا ایڈووکیٹ
پاکستان عوامی تحریک کے رہنما ابرار رضا ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے بعد شروع ہونیوالے دوسرے راؤنڈ کے انقلاب جلسوں اور ملک گیر دھرنا تحریک سے ڈیل کی جھوٹی افواہوں اور منفی پراپیگنڈے کا خاتمہ ہو جائے گا۔ عوامی تحریک واحد جماعت ہے جس نے غریب عوام کو پسے ہوئے طبقات کو سر اٹھا کر چلنے کا ڈھنگ سکھا دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کے مشترکہ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر عرفان طاہر، فاروق بٹ، سفیان صابر، جاوید ججہ، سعید نیازی، عثمان بٹ، قاسم مرزا، حمزہ بٹ، محبوب الہی اور دیگر بھی موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک کو اسلام آباد بھر میں منظم کر نے کے کام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہیدوں کے بہنے والے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیں گے۔ 10 نکاتی عوامی ایجنڈے کی تکمیل تک انقلاب کا سفر جاری رہے گا۔ عوام دوست ایجنڈے کو سبو تاژ کرنے کیلئے ماڈل ٹاؤن میں خون کی ہولی کھیلی گئی جسے عوامی تحریک کے پر عزم اور جان نثار کارکنوں نے ناکام بنا دیا اور کارکنوں نے پاکستان کی سیاسی تاریخ میں جرات و بہادری کی ایک نئی تاریخ رقم کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک ملک کو نااہل حکمرانوں، کرپٹ سرکاری مشینری اور فرسودہ نظام کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑے گی۔ ہر پاکستانی کو پا کستان کی تعمیر نو کی اس جدوجہد میں حصہ لینا ہو گا۔ پارلیمنٹ میں دھرنے کے خلاف تقریریں کرنے والے بھی اپنے مطالبات منوانے کیلئے پارلیمنٹ کے سامنے دھرنے دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قائد عوامی تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری 7 نومبر سے امریکا کے تنظیمی دورے کا آغاز کریں گے۔ 7 نومبر کو نیو یارک، 8 نومبر کو ڈیلاس اور 9 نومبر کو ہیوسٹن میں پاکستانی کمیونٹی کے عظیم الشان کنونشنز سے خطاب کریں گے۔ ان کنونشنز میں امریکہ میں مقیم ڈاکٹرز، انجنئیرز اور زندگی کے ہر شعبہ سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات شرکت کریں گی۔


تبصرہ