ہماری جدوجہد کسی فرد کے خلاف نہیں ہم ملک سے گلو بٹ نظام کا خاتمہ چاہتے ہیں۔ سلطان نعیم کیانی
نجکاری کی خلاف اپوزیشن کے احتجاج سے خوشی ہوئی
نجکاری رک گئی اور لاکھوں لوگوں کا روزگار بچ گیا تو سمجھیں گے ہمارا دھرنا کامیاب
ہوگیا
راولپنڈی: پاکستان عوامی تحریک ضلع راولپنڈی کے صدر سلطان نعیم کیانی نے کہا ہے کہ گاڑیوں کے شیشے توڑنے والے کو سزا اور چودہ لوگوں کو قتل، سو کو گولیاں مارنے والے آزاد پھر رہے ہیں۔ ہماری جدوجہد کسی فرد کے خلاف نہیں ہم ملک سے گلو بٹ نظام کا خاتمہ چاہتے ہیں۔ دھرنے کی برکات ہیں کہ وزیر اعظم نے دنیا بھر میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا اطلاق پاکستان میں پٹرول صارفین پر کیا۔ پی آئی اے کی ایک فلائٹ کا وی آئی پی کلچر کی وجہ سے تاخیر کا نوٹس لیاگیا۔ نااہل وزراء کو فارغ کرنے کی بھی تیاریاں ہو رہی ہیں۔ ہماری جدوجہد نے اراکین پارلیمنٹ کو بھی زبان عطا کر دی ہے۔ حکومتی صفوں میں ناانصافیوں کے خلاف بغاوت شروع ہو چکی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ضلع کچہری راولپنڈی میں سینیئر وکلاء کو پاکستان عوامی تحریک میں شمولیت کی دعوت دیتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر عوامی تحریک لائرز موومنٹ کے عہدیدار حافظ یاسر جنجوعہ ایڈوکیٹ، نعمان چوہدری ایڈوکیٹ اور راجہ صغیر ایڈوکیٹ بھی موجود تھے۔
سلطان نعیم کیانی نے مزید کہا کہ اگر لوگ گھروں میں بیٹھ کر انقلاب کیلئے دعائیں کرنے کی بجائے باہر نکل کر ہمارا ساتھ دیں تو چند ماہ میں ہر استحصال کا خاتمہ ممکن ہے۔ روزگار دینا حکومتوں کا فرض ہے، او جی ڈی سی ایل کی نجکاری کی خلاف اپوزیشن کے احتجاج سے بے حد خوشی ہوئی۔ اگر نجکاری رک گئی اور لاکھوں لوگوں کا روزگار بچ گیا تو سمجھیں گے ہمارا دھرنا کامیاب ہوگیا۔


تبصرہ