او جی ڈی سی کے ملازمین پر تشدد اختیارات کا ناجائز استعمال اور ریاستی دہشت گردی ہے۔ فاروق بٹ
پاکستان عوامی تحریک اسلام آباد کے رہنما فاروق بٹ نے کہا ہے کہ او ڈی جی سی کے ملازمین پر تشدد اختیارات کا ناجائز استعمال اور ریاستی دہشت گردی ہے۔ پرامن احتجاج کرنا ہر شہری کا آئینی حق ہے۔ پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری نے پوری قوم کو اپنا حق چھین کر لینے کا ڈھنگ سکھا دیا ہے۔ نجکاری کے خلاف سب سے پہلے اٹھنے والی آواز ڈاکٹر طاہرالقادری کی تھی۔ پاکستان کی ترقی کا عمل گزشتہ 30 سالوں سے رکا ہوا ہے۔ دھرنوں کو ملکی ترقی میں رکاوٹ قرار دینا آمرانہ سوچ ہے۔ ملک کو نااہل حکمرانوں نے ناکام ریاست بنا دیا ہے۔ حکومتی اداروں کی لوٹ سیل کے خلاف پاکستان عوامی تحریک نے سب سے پہلے آواز بلند کی اور غریبوں کے حقوق کے لئے عوامی تحریک کی جدوجہد جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ آج کچھ ناکام سیاستدان اپنی کھوئی ہوئی ساکھ کو بچانے کے لئے نجکاری کے نام پر سیاست کر رہے ہیں۔ جعلی حکمران جمہوریت کے لبادے میں چھپے آمرانہ رویوں سے باز آئیں۔
انہوں نے کہا کہ ایفیڈرین کیس کے نامزد ملزمان کو نواز کر اہم عہدے دینا کونسی گڈ گورننس ہے؟ نواز شریف سابق حکمرانوں کی تقلید کر رہے ہیں۔ سستی روٹی پراجیکٹ میں لوٹ مار کے نہ ٹوٹنے والے ریکارڈ قائم کرنے والے حنیف عباسی کو میٹرو (جنگلہ بس سروس) راولپنڈی کا چیئرمین لگانے کے فیصلے پر یہ مثال صادق آتی ہے کہ ‘‘اندھا بانٹے ریوڑیاں بار بار اپنوں کو ہی’’۔ انہوں نے کہا کہ ایفیڈرین سکینڈل میں نام کمانے کے انعام کے طور پر حنیف عباسی کو اس پراجیکٹ کا چیئرمین بنایا گیا۔


تبصرہ