پاکستان عوامی تحریک کو منظم کرنے کا کام ہنگامی بنیادوں پر شروع کر دیا گیا ہے۔ عاقل ستی
راولپنڈی: پاکستان عوامی تحریک ضلع راولپنڈی کے جنرل سیکرٹری صاحبزادہ عاقل ستی نے کہا ہے کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی ہدایت پر ضلع بھر میں جماعت کو منظم کرنے کا کام عاشورہ کے فوری بعد شروع کر دیا جائے گا جس کیلئے ورکنگ پلان کی تیاری ہنگامی بنیادوں پر شروع ہو چکی ہے جو 7 نومبر کو ضلعی شوری میں منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ضلعی سیکرٹریٹ بلال پلازہ چاندنی چوک راولپنڈی میں پاکستان عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کے ایک مشترکہ اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ضلعی صدر سلطان نعیم کیانی بھی موجود تھے۔
عاقل ستی نے کہا کہ بیرون ملک روانگی سے پہلے ڈاکٹر طاہرالقادری نے فیڈرل کونسل کے اجلاس میں بھرپور مشاورت کے بعد یہ فیصلہ دیا تھا کہ پاکستان عوامی تحریک کو یونین کونسل کی سطح پر منظم کرنے کا ہدف جلد از جلد حاصل کرنے کیلئے دس محرم کے فوری بعد تنظیمی ایمرجنسی نافذ کر دی جائے گی۔ ہمارے تاریخی دھرنے کے دوران کروڑوں لوگوں میں نظام بدلنے کی تڑپ پیدا ہو ئی ہے جسے ووٹ کی قوت میں بدلنے کیلئے دن رات محنت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات سے پہلے انتخابی اصلاحات، الیکشن کمیشن کے موجودہ ممبران کے مستعفی، نئے غیر جانبدار ممبران کی تقرری اور انتخابی اصلاحات کیلئے ہر فورم پر آواز اٹھائی جائے گی۔


تبصرہ