ڈاکٹر طاہرالقادری بیرون ملک پاکستانیوں کو اپنی حالیہ جدوجہد بارے اعتماد میں لیں گے۔ ملک افضل
راولپنڈی:
پاکستان عوامی تحریک راولپنڈی کے رہنما ملک افضل نے کہا ہے کہ ڈاکٹر طاہرالقادری اپنے
امریکہ اور کینیڈا کے دورے کے دوران وہاں آباد ہم وطنوں کو پاکستان میں رائج استحصالی
نظام کی قباحتوں سے آگاہ اور اس کے خلاف اپنی حالیہ جدوجہد بارے اعتماد میں لیں گے۔
دیار غیر میں بسنے والے پاکستانیوں کی بچت ملکی قرضوں سے زیادہ ہے، وہ اپنے ملک کو
دینا بھی چاہتے ہیں مگر بدعنوان مقتدر طبقات کی موجودگی میں وہ ایسا کرنے سے گریزاں
ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مورگاہ میں اٹلی کے تحریکی رفقاء ملک نسیم
اعوان، ملک ندیم اعوان سے ان کی رہائش گاہ پر ایک ملاقات میں کیا۔ اس موقع پر دیگر
ضلعی راہنما صاحبزادہ عاقل ستی، ملک طاہر جاوید اور سید اعجاز شاہ بھی موجود تھے۔
ملک افضل نے کہا کہ حکمران حکومتی وسائل پر عالمی تجارتی اداروں سے اپنے کاروباری تعلقات استوار کر رہے ہیں۔ جب تک حکمران اپنی دولت پاکستان واپس نہیں لاتے یہاں بیرونی سرمایہ کاری ناممکن ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری پر حکمرانوں سے اربوں لے کر دھرنا ختم کرنے کے الزامات لگانے والے آہستہ آہستہ خاموشی اختیار کرتے جا رہے ہیں۔ 2012 میں بھی ہماری جدوجہد پر ایسے ہی الزامات لگے تھے جو آج تک ثابت نہ ہوئے۔ ملک افضل نے کہا کہ ہماری جدوجہد نے کروڑوں لوگوں کو عوام کش نظام کے خلاف جدوجہد کا شعور اور حوصلہ دیا۔ نومبر میں بھرپور عوام رابطہ مہم کے ذریعے گراس روٹ لیول تک تنظیمی ڈھانچہ مضبوط کریں گے۔


تبصرہ