غربت، افلاس، بے روزگاری کی آگ میں دھکیلنے والے حکمرانوں کو قوم کبھی معاف نہیں کرے گی۔ عمر ریاض عباسی
عوامی تحریک کے کارکنوں کو شہید کر کے حکمرانوں نے تخریبی سیاست
کی اور تشدد کا راستہ اپنایا
عوامی تحریک نظام کی تبدیلی تک جدوجہد جاری رکھے گی
پاکستان عوامی تحریک کے رہنما عمر ریاض عباسی نے کہا ہے کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے پوری قوم کو آئین کا شعور دینے کے ساتھ ساتھ ایک قوم بنا دیا ہے۔ جمہوریت کا حقیقی چہرہ دکھایا، کرپٹ حکمرانوں، ڈیلوں کے تحت پلنے اور پیسوں پر سیاست کرنے والوں کے پردے چاک کر دیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک کے کارکنوں کو شہید کر کے حکمرانوں نے تشدد کا راستہ اپنایا اور آج تک تحقیقات کا نہ ہونا حکمرانوں کی تخریبی سیاست کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پاکستان عوامی تحریک کے میڈیا سیل میں میڈیا ٹیم سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انچارج میڈیا سیل مصطفی خان، میڈیا کوآرڈینیٹر غلام علی خان، اشتیاق میر ایڈووکیٹ، شمریز اعوان اور قاری منہاس بھی موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ قوم کو غربت، افلاس، بے روزگاری کی آگ میں دھکیلنے والے حکمرانوں کو عوام کبھی معاف نہیں کرے گی۔ عنقریب نام نہاد سیاست دانوں اور ملاؤں کا کڑا احتساب ہوگا۔ دھرنوں کی سیاست کامیابی سے ہمکنار ہوگی۔ دھرنوں کو ناکام کہنے اور ڈاکٹر طاہرالقادری پر الزام تراشیاں کرنے والے نام نہاد سیاست دان اوردو دو ٹکے کے سرکاری ملا اپنے گریبان میں جھانکیں اور اپنا محاسبہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری بیرون ملک جانے سے کوئی نہیں روک سکتا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے پہلے ہی یہ بات سب پر واضح کر دی تھی کہ کوئی مائی کا لعل پیدا ہی نہیں ہوا جو ان کو بیرون ملک جانے سے روک سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی حقیقی تبدیلی تک جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کے قائد شیڈول کے مطابق وطن واپس پہنچیں گے۔ ان کی واپسی پر احتجاجی جلسوں کا سلسلہ شروع ہو گا۔ پرامن احتجاج کے خلاف پنجاب اسمبلی کی قرارداد آئین کے آرٹیکل 15 اور 16 کے خلاف ہے۔ انہوں نے حکومت سے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ واپس لینے کا مطالبہ کیا۔


تبصرہ