ڈاکٹر طاہرالقادری نے عوام کو جو شعور دیا ہے اس سے ملکی سیاست کا رخ بدل گیا۔ غلام علی خان
70 دن کے دھرنے نے قوم کو آئین اور جمہوریت کا حقیقی چہرہ دکھایا
حکمران آئین کے باغی ہیں، ان پر آرٹیکل 6 لگنا چاہیے
پاکستان عوامی تحریک کے رہنما میڈیا کوآرڈینیٹر غلام علی خان نے کہا ہے کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے عوام کو جو شعور دیا ہے اس سے ملکی سیاست کا رخ بدل گیا ہے۔ پاکستان عوامی تحریک عوام کو حقوق دلانے کی جدوجہد منزل کے حصول تک جاری رکھے گی۔ منفی پروپیگنڈے کرنے والے جان لیں کہ عوامی تحریک اور ڈاکٹر طاہرالقادری انقلاب کو چھوڑ کر واپس کہیں نہیں گئے، نہ ہی جائیں گے۔ عوام کو ان کے حقوق دلانے تک جدوجہد جاری رہے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عوامی تحریک پی پی 11 اور پی پی 12 کے عہدیداران سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ملک طاہر جاوید، امجد عباسی، شعیب عباسی، نذیر ہزاروی، شیخ حاجی فیاض، شیخ عمر اور دیگر بھی موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے منزل کے حصول کے لئے حکمت عملی کو تبدیل کیا ہے۔ انقلابی جدوجہد کے سفر میں حکمت عملی کا بدلنا فطری امر ہوتا ہے۔ منزل نہیں حکمت عملی بدلی ہے۔ پاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں کی جرات اور قربانی پاکستان کی سیاسی تاریخ کا سنہرا باب بن چکا ہے۔ عوامی تحریک کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔ اس قربانی سے عوام کو حقوق ضرور ملیں گے اور پاکستان عوامی تحریک ایک بڑی سیاسی قوت بن کر ابھرے گی۔ انہوں نے کہا کہ آئین کے وہ آرٹیکل جو عوامی حقوق کی بات کرتے ہیں حکمران ان پر عملدرآمد کرنے میں ناکام ہو چکے ہیں، غریب عوام کو بنیادی حقوق نہ دینے پر حکمرانوں پر آرٹیکل 6 لگنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی حمایت پاکستان عوامی تحریک کے ساتھ ہے اس لئے اب منزل کے حصول سے دنیا کی کوئی طاقت دور نہیں کر سکتی۔


تبصرہ